نائب وزیر اعلیٰ نے چھاترو میں پبلک دربار منعقد کیا ، عوامی شکایات کا ازالہ کیا

نائب وزیر اعلیٰ نے چھاترو میں پبلک دربار منعقد کیا ، عوامی شکایات کا ازالہ کیا

سمال انڈسٹریز اسٹیٹ کے قیام کا اعلان

کشتواڑ//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چودھری نے ضلع کشتواڑ کے دو روزہ دورے کے دوسرے دن سب ڈویژن چھاترو کے ٹورسٹ ریسیپشن سینٹرکا دورہ کیا اور وہاں پبلک دربار منعقد کیا تا کہ لوگوں کی شکایات اور مطالبات سُن کر ان کے معیاری و بروقت حل کو یقینی بنایا جائے ۔ اس موقع پر ایم ایل اے اندروال پیارے لال شرما بھی موجود تھے ۔ پبلک دربار کے دوران لوگوں نے مختلف مطالبات پیش کئے جن میں چھاترو میں گورنمنٹ آئی ٹی آئی کے قیام ، پی ایچ سی نالی کی اپ گریڈیشن ، این ایچ آئی ڈی سی ایل کشتواڑ ۔ سمتھن روڈ کے ساتھ مناسب ڈرنیج کا انتظام ، بلاک مغل میدان کیلئے گورنمنٹ ویمن کالج کا قیام ، چھاترو میں بے قاعدہ بجلی کٹوتیوں کا خاتمہ ، ، ایچ ایس چنگم کو ایچ ایس ایس میں اپ گریڈ کرنا ، خصوصی قبائلی کمیونٹی کے طلبہ کیلئے اسکول کا قیام ، مغل میدان میں گجر بکروال ہوسٹل کا قیام ، پانی کی قلت کے مسائل کا حل اور علاقے سے متعلق دیگر مطالبات شامل ہیں ۔ ایم ایل اے اندروال نے سڑکوں کے معاوضے کا معاملہ اٹھایا اور معزز نائب وزیر اعلیٰ سے گذارش کی کہ وہ اس معاملے کو اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھائیں ۔ انہوں نے کئی سڑک منصوبوں سے متعلق مسائل بھی اٹھائے جن میں بنڈا سے منڈل ، وانی پورہ سے زیدھار ، مارکھل سے گگنار ، شیخ پورہ سے بٹ پورہ ، ہورنا سے ڈروبیر ، کاکڈواگن سے ستروگن ، موری بنجواروڈ اور سگڈی سے ہندگام شامل ہیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے تمام شکایات غور سے سُنیں اور یو ٹی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ چھاترو میں ایک سمال انٖڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جائے گی اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ مناسب زمین کی نشاندہی کریں اور منصوبے کی فزیبلٹی کا جائیزہ لیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے بے روز گار نوجوانوں سے بھی کہا کہ وہ فلیگ شپ مشن یوا اسکیم کے فوائد حاصل کریں جو بغیر کسی ضمانت کے قرض کی سہولت فراہم کرتی ہیں تا کہ افراد اپنے کاروبار شروع کر سکیں ۔