چیف سیکرٹری نے یوٹی لیول پروجیکٹ مانیٹرنگ گروپ کیلئے لائحہ عمل کا جائزہ لیا

چیف سیکرٹری نے یوٹی لیول پروجیکٹ مانیٹرنگ گروپ کیلئے لائحہ عمل کا جائزہ لیا

نیشنل پی ایم جی نے اس کے جلد قیام کیلئے ماڈل پیش کیا

سری نگر//جموں و کشمیر میں نیشنل پروجیکٹ مانیٹرنگ گروپ (پی ایم جی) کی طرز پر ایک مخصوص ’پروجیکٹ مانیٹرنگ گروپ (جے کے ۔ پی ایم جی) قائم کیا جائے گاجس کا مقصد بڑے ترقیاتی منصوبوں کی اعلیٰ سطحی نگرانی کو یقینی بنانا اور ان کی عمل آوری میں حائل رُکاوٹوں کو باہمی تال میل کے ساتھ دور کرنے میں سہولیت فراہم کرنا ہے۔ نیشنل پی ایم جی کے نمائندوں نے چیف سیکرٹری اَتل ڈولو کے سامنے جموں و کشمیر یوٹی میں قومی سطح کے اس نظام کو عملانے کے لئے مجوزہ اِدارہ جاتی فریم ورک پیش کیا۔ مجوزہ نظام کا مقصد منصوبوں کی نگرانی کو مزید مؤثر بنانا، مختلف محکموں کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنا اور اراضی کے حصول، قانونی منظوریوں، تعمیراتی اِجازت ناموں اور عمل درآمد سے متعلق دیگر امور میں بروقت مداخلت کو یقینی بنانا ہے۔اِس موقعہ پرچیف سیکرٹری نے کہا کہ ہمیں ٹیکنالوجی سے بھرپور اِستفادہ کرتے ہوئے وقفے وقفے سے پیش رفت کی رپورٹنگ کے بجائے رئیل ٹائم اور سنگِ میل پر مبنی پروجیکٹ مانیٹرنگ کی طرف بڑھنا چاہیے۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ جامع ڈیجیٹل پلیٹ فارم منصوبوں کی پیش رفت پر نظر رکھنے، اہم خامیوں اور رُکاوٹوں کی نشاندہی کرنے اور قابلِ اعتمادڈیٹا کی بنیاد پر باخبر فیصلے لینے میں مددگار ثابت ہوگا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مسائل کو اعلیٰ سطح تک پہنچانے کا واضح نظام اس بات کو یقینی بنائے گا کہ مسائل کو اسی سطح پر حل کیا جائے جہاں ان کا ازالہ ممکن ہو جبکہ ایسے معاملات جن میں اعلیٰ سطحی مداخلت درکار ہو، انہیں غیر ضروری تاخیر کے بغیر اعلیٰ حکام کے سامنے پیش کیا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سے اِنتظامی ردِّعمل اور منصوبوں کے لئے جوابدہی، دونوں کو مزید مضبوط بنایا جا سکے گا۔اَتل ڈولونے نیشنل پی ایم جی کی ٹیم پر زور دیا کہ وہ مقامی شراکت داروں کے لئے صلاحیت سازی کے مزید تربیتی سیشنز منعقد کرے تاکہ وہ نظام، اس کے ورک فلو اور اسکالیشن میکانزم سے مکمل طور پر واقف ہوں اور انہیں اس کی آپریشنز کو مؤثر طریقے سے سنبھالنے کے لئے مناسب طور پر تیار کیا جا سکے۔کمشنر سیکرٹری پی ڈی اینڈ ایم ڈِی آر ایلس ویز نے اس مانیٹرنگ گروپ کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت نیشنل پی ایم جی جموں و کشمیر میں 61 منصوبوں کی نگرانی کر رہا ہے جن میں 3.91 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری شامل ہے اور نیشنل پی ایم جی پورٹل کے ذریعے 130 فعال مسائل کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔اُنہوں نے مزید کہاکہ مجوزہ جے کے ۔ پی ایم جی چیف سیکرٹری کی مجموعی نگرانی میں کام کرے گا۔ اس کے لئے پروجیکٹ ماہرین پر مشتمل ایک مخصوص ٹیم اور ایک نامزد اِنتظامی محکمہ ہوگا جو روزمرہ امور اور باہمی رابطہ کاری کی ذمہ داری سنبھالے گا۔یہ گروپ بڑے اور حکمتِ عملی کے اعتبار سے اہم منصوبوں کی نگرانی کرے گا، منصوبوں کے مختلف سنگِ میل اور زیرِ اِلتوأ منظوریوں کا جائزہ لے گا، عمل آوری ایجنسیوں اور ضلعی اِنتظامیہ کے درمیان تال میل میں سہولیت فراہم کرے گا اور مناسب مداخلت کے لئے حل طلب مسائل کو اعلیٰ حکام تک پہنچائے گا۔ یہ فریم ورک ایک منظم جائزہ کے طریقہ کار کا تصور پیش کرتا ہے جس میں ہر پندرہ دن بعد انتظامی سیکرٹریز/محکموں کے سربراہان کی جانب سے محکمہ جاتی سطح کے جائزے، ماہانہ جائزے جو چیف سیکرٹری کی صدارت میں ہوں اور اعلیٰ سرکاری سطح پر جائزے شامل ہیں جن کی صدارت خود وزیر اعلیٰ کریں گے ان معاملات کے لئے جن پر اس طرح کا غور و خوض ضروری ہو۔ اس مرحلہ وار نظام کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ منصوبوں سے متعلق مسائل کا جائزہ مناسب سطح پر لیا جائے اور ضرورت پڑنے پر انہیں اعلیٰ سطح تک پہنچایا جائے۔ٹیم کی طرف سے یہ ظاہر کیا گیا کہ تجویز کردہ جے کے ۔ پی ایم جی ایک ڈیجیٹلائزڈ اور مفت پورٹل سے استفادہ کرے گاجس میں خودکار رپورٹنگ اور تجزیاتی سہولیات موجود ہوں گی۔ تجویز کردہ ورک فلو کے تحت حامی منصوبوں اوردرپیش رُکاوٹوںکو رجسٹر کریں گے، متعلقہ محکمے ان مسائل کی تصدیق کریں گے اور متعلقہ ضلعی اِنتظامیہ یا محکمے ان کے حل کے لئے اقدامات کریں گے۔ اہم اور حل نہ ہونے والے معاملات کو فوری طور پر حل کرنے کے لئے متعلقہ شراکت داروں پر مشتمل اعلیٰ سطحی فورمز تک پہنچایا جائے گا۔بعد میں نیشنل پی ایم جی ٹیم نے محکمہ پلاننگ کے اَفسران و اہلکاروں اور دیگر شراکت داروں کے لئے ایک بیداری ورکشاپ کا اِنعقاد کیا۔ اس موقعہ پر انہیں مجوزہ جے کے ۔ پی ایم جی کے کام کرنے کے طریقۂ کار، اِدارہ جاتی ڈھانچے، ڈیجیٹل ورک فلو اور اسکالیشن میکانزم سے آگاہ کیا گیا۔ورکشاپ میں منصوبوں سے متعلق رکاوٹوں کی نشاندہی، ان کی نگرانی اور حل کے سلسلے میں مختلف شراکت داروں کے کردار پر توجہ مرکوز کی گئی۔