وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی صدارت میں جموں اور سری نگر کے ماسٹر پلانز میں مجوزہ ترامیم پر تبادلہ خیال

وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی صدارت میں جموں اور سری نگر کے ماسٹر پلانز میں مجوزہ ترامیم پر تبادلہ خیال

جے ڈِی اے کے 91ویں اور ایس ڈِی اے کے 85ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز میٹنگوں کی صدارت کی

سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں ڈیولپمنٹ اَتھارٹی (جے ڈِی اے) کے 91ویں اور سری نگر ڈیولپمنٹ اَتھارٹی (ایس ڈِی اے) کے 85ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز میٹنگوں کی صدارت کی۔میٹنگوں میں جموں اور سری نگر کے ماسٹر پلانز میں کی جانے والی مجوزہ ترامیم سے متعلق تجاویز پرغور و خوض کیا گیا۔چیئرمین ایس ڈِی اے شبیر حسین بٹ اور چیئرمیں جے ڈِی اے روپیش کمار نے مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے الگ الگ پرزنٹیشنز پیش کیں۔میٹنگ میں مجوزہ ترامیم، عوامی آرأ ، ریگولیٹری تقاضوں اور منصوبہ بند و دیرپا شہری ترقی کے لئے ضروری اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں سری نگر کے لئے ٹاؤن پلاننگ سکیموں، ڈل، نگین اور دیگر آبی ذخائر کے تحفظات، جموں و کشمیر یونیفائیڈ بلڈنگ بائی لاز 2021 سے مطابقت اور زمین کے اِستعمال کی زوننگ اور عمارتوں کی تعمیر کی اجازت کے عمل کو آسان بنانے کے لئے اِصلاحات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔نظرثانی شدہ جموں ماسٹر پلان 2032 پر بھی غورو خوض کیا گیا جس میں 15 منصوبہ بندی زونوں، زمین کے استعمال سے متعلق مختلف زُمروں کی معقولیت، جیو ریفرنسڈ میپنگ اور بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو ماسٹر پلان کی دستاویز کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے امور شامل تھے۔ماحولیاتی اور تاریخی ورثے کے تحفظ سے متعلق اَقدامات جن میں دریائے توی ندی کے کنارے اور آبی گزرگاہوں کا تحفظ بھی شامل ہے، پر بھی تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔وزیرِ اعلیٰ نے زور دیا کہ مجوزہ ماسٹر پلانز کو حتمی شکل دیتے وقت منصوبہ بند شہری ترقی، کاروبار میں آسانی کے لئے اِصلاحات، عوامی خدشات کو دُور کرنے اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔میٹنگوںمیں وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، اے سی ایس فائنانس شیلندر کمار، اے سی ایس پی ڈبلیو ڈِی انیل کمار سنگھ، کمشنر سیکرٹری پلاننگ، مانیٹرنگ اینڈ ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ایلس ویز، کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ مندیپ کور، صوبائی کمشنر وں، کمشنر سیکرٹری قانون، جموں اور سری نگر کے ضلع ترقیاتی کمشنرون، سری نگر میونسپل کارپوریشن اور جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنروں اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی جبکہ جموں میں مقیم اَفسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔