جاوید ڈار نے اَفسران کو عوامی شکایات کے فوری اور وقتی اَزالہ کو یقینی بنانے کی ہدایت دِی

جاوید ڈار نے اَفسران کو عوامی شکایات کے فوری اور وقتی اَزالہ کو یقینی بنانے کی ہدایت دِی

سری نگر//وزیر برائے محکمہ زرعی پیداوار، دیہی ترقی اور پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی مسائل کو اوّلین ترجیح دیں اور ان کے فوری، وقتی اور مؤثر اَزالے کو یقینی بنائیں۔وزیر نے یہ ہدایات ان اَفراد اور وفود سے بات چیت کرتے ہوئے جاری کیں جنہوں نے ان سے ملاقات کی او رانہیں اَپنے اَپنے علاقوںسے متعلق مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے لوگوں کو بغور سُنا اور ان کی طرف سے اُٹھائے گئے خدشات کا نوٹس لیا۔اُنہوں نے وفود کو ضروری مداخلت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تمام حقیقی مسائل کو متعلقہ محکموں اور حکام کے ساتھ مناسب کارروائی کے لئے اُٹھایا جائے گا۔ اُنہوں نے اِس با ت پر زور دیا کہ عوامی مسائل کو حساسیت، خلوص اور ذِمہ داری کے مضبوط احساس کے ساتھ نمٹایا جانا چاہیے تاکہ لوگوں کو بروقت راحت مل سکے۔وزیر موصوف نے افسران کو ہدایت دِی کہ وہ عوامی مسائل کو حل کرنے میں ایک فعال، جوابدہ اور عوام پر مبنی نقطہ نظر اَپنائیں۔ اُنہوں نے قریبی بین محکمانہ ہم آہنگی اور زیر اِلتوا ٔمسائل کی باقاعدہ نگرانی پر زور دیا تاکہ ان کے حل میں تیزی لائی جا سکے اور تاخیر کو ختم کیا جا سکے۔اُنہوں نے بنیادی سطح پر ترقی کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دِی کہ وہ بنیادی اِنفراسٹرکچر، سڑکوں، عوامی سہولیات اور دیگر ضروری خدمات سے متعلق مسائل کے حل کے لئے ضروری اور نتیجہ خیز اَقدامات کریں۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی کاموں کی قریبی نگرانی کی جانی چاہیے اورعوام کو مرئی فوائد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ان کو مؤثر انداز میں انجام دیا جانا چاہیے۔جاوید ڈار نے کہا کہ جوابدہ طرزِحکمرانی، شفافیت اور عوامی خدمات کی بروقت فراہمی حکومتی اِداروں میں لوگوں کے اعتماد کو مضبوط کرنے کے لئے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ عوام کے لئے قابل رسائی رہیں، باقاعدہ فیلڈ سطح کی مصروفیات برقرار رکھیں اور اِس بات کو یقینی بنائیں کہ حقیقی عوامی مسائل کو ٹھوس اقدامات اور قابل پیمائش نتائج میں بدلا جائے۔