22,006 کروڑ 57 لاکھ قرض ۔ محض 6.5 کروڑ واپس کریں!

نئی دہلی//ایجنسیز // نیشنل کمپنی لا ٹریبونل نے زی گروپ کے بانی سبھاش چندرا کے قرض کی ادائیگی کے منصوبے کو منظوری دی ہے جس کے 22,006 کروڑ 57 لاکھ روپئے قرض کی واپسی صرف 6.5 کروڑ روپئے ادا کرنے کو کہا گیا ہے ۔ اس فیصلے کا مطلب یہ ہے کہ اب جس کسی ادارہ نے 100 روپئے قرض یا تھا اسے صرف 3 پیسے واپس ملیں گے ۔ اس فیصلے نے سب سے اہمیت کے حامل شخصی دیوالیہ معاملات میں ایک کی یکسوئی کردی ہے جو ایک اہم تاجر و سیاست دان سے متعلق تھا ۔ سبھاش چندرا زی ٹی وی اور زی نیوز کے بانی ہیں اور وہ راجیہ سبھا کے رکن بھی ہیں۔ سبھاش چندرا ہریانہ سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ بی جے پی ارکان اسمبلی کی تائید سے راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہوئے تھے ۔ کہا گیا ہے کہ ٹریبونل کے دو ارکان کی رائے اس مسئلہ پر منقسم تھی ۔ اس کے بعد یہ مسئلہ این سی ایل ٹی کے صدر کی جانب سے نامزد تیسرے رکن نلیش شرما سے رجوع کیا گیا اور انہوں نے متعلقہ قانون کے دفعہ 114 کے تحت اس فیصلے کو منظوری دیدی ۔ کئی قرض دہندگان نے اس تجویز کی مخالفت کی تھی ۔ ایل آئی سی ہاوزنگ فینانس نے جملہ 1.322.39 کروڑ روپئے کا قرض دیا تھا جسے اب محض 38 لاکھ روپئے حاصل ہونگے ۔ دعوی کیا جا رہا ہے کہ جملہ قرض دہندگان میں 80.81 فیصد نے اس فیصلے کی حمایت کی تھی جبکہ اس کی مخالفت کرنے والے 20 فیصد سے بھی کم تھے ۔