ہندوستان اور روس کے درمیان اقتصادی تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا: جے شنکر کی پوتن سے ملاقات

ہندوستان اور روس کے درمیان اقتصادی تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا: جے شنکر کی پوتن سے ملاقات

ماسکو/یو این آئی// وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کو کریملن میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی اور ہندوستان و روس کے درمیان اقتصادی تعاون میں ”بہت نمایاں” اضافے کو اجاگر کیا۔ دونوں ممالک نے تجارت، توانائی، کھاد، جوہری توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر بھی توجہ مرکوز کی۔دو روزہ دورہ ماسکو پر موجود جے شنکر نے ملاقات کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے پوتن کو نیک خواہشات اور ذاتی پیغام پہنچایا۔ انہوں نے دن کے اوائل میں منعقدہ ہندوستان-روس بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کے نتائج سے بھی روسی صدر کو آگاہ کیا۔جے شنکر نے پوتن سے کہا، ”میں وزیر اعظم نریندر مودی کی نیک خواہشات پہنچانے سے آغاز کرنا چاہوں گا۔ انہوں نے آپ کے لیے ایک ذاتی پیغام دیا ہے جو میں آپ کے حوالے کرنا چاہتا ہوں۔دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون سے متعلق کمیشن کے جائزے کا حوالہ دیتے ہوئے جے شنکر نے کہا کہ مجموعی صورتحال مثبت ہے ۔انہوں نے کہاکہ مجموعی طور پر میرا خیال ہے کہ ہمارے اقتصادی تعاون میں بہت نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔جے شنکر نے وزیر اعظم مودی کی پوتن کے ساتھ آئندہ ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ہندوستانی وزیر اعظم شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس میں روسی صدر سے ملاقات کے منتظر ہیں، جبکہ اس کے بعد نئی دہلی میں ہونے والے برکس سربراہی اجلاس میں ان کی میزبانی کریں گے ۔شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کا 26واں سالانہ اجلاس 31 اگست سے یکم ستمبر 2026 تک کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہوگا۔ اس کے علاوہ 18واں برکس سربراہی اجلاس 12 اور 13 ستمبر 2026 کو نئی دہلی میں منعقد ہوگا۔ ہندوستان اس سال برکس کی گردشی صدارت سنبھال رہا ہے ، جس کا موضوع لچک، جدت، تعاون اور پائیداری کے لیے تعمیرہے ۔جے شنکر نے کہاکہ وزیر اعظم مودی ایس سی او سربراہی اجلاس میں آپ سے ملاقات کے منتظر ہیں، اس کے بعد وہ برکس سربراہی اجلاس کے لیے ہندوستان میں آپ کا استقبال کریں گے اور پھر مناسب وقت پر باہمی سہولت کے مطابق سالانہ سربراہی اجلاس بھی منعقد ہوگا۔پوتن نے اپنی گفتگو میں کہا کہ یہ ملاقات کئی دہائیوں کے دوران ہندوستان اور روس کے درمیان قائم ہونے والے گہرے تعلقات کی عکاس ہے۔