منصوبوں سے 35,000رہائشیوں کو فائدہ پہنچے گا اور پینے کے پانی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جائے گا
جموں//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے اَپر ٹھاٹھر اور سدھرا گوجر بستی میں واٹر سپلائی سکیموں (ڈبلیو ایس ایس) کی توسیع کے لئے سنگ بنیاد رکھا۔ یہ اقدام ان علاقوں میں پینے کے پانی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔دونوں منصوبے سپیشل اسسٹنس ٹو سٹیٹس فار کیپٹل انوسٹمنٹ( ایس اے ایس سی آئی) سکیم کے تحت شروع کئے جا رہے ہیں جن کا مقصد مقامی باشندوں کو پینے کے قابل اعتماد، مناسب اور محفوظ پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔اِس موقعہ پررُکن قانون سازاسمبلی جموں نارتھ شیالال شرما، ممبر اسمبلی جموں ایسٹ یودھویر سیٹھی اور محکمہ جل شکتی محکمہ کے سینئر اَفسران موجود تھے۔بنتلاب علاقے میں اپر ٹھاٹھر واٹر سپلائی سکیم کی توسیع پر تقریباً 5.88 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اس منصوبے کے تحت 650 فنکشنل گھریلو نل کنکشن فراہم کئے جائیں گے جس سے تقریباً 15,000 اَفراد مستفید ہوں گے۔ منصوبہ دسمبر 2026 ء تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اِسی طرح سدھرا، رگھورا گوجر بستی واٹر سپلائی سکیم کی توسیع پر تقریباً 8.50 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اس منصوبے کے تحت 500 سے زائد فنکشنل گھریلو نل کے کنکشن فراہم کئے جائیں گے جس سے تقریباً 20,000 شہری مستفید ہوں گے۔ اِس منصوبے کو دسمبر 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف بھی ہے۔جاوید رانا نے منصوبوں کی بنیاد رکھنے کے موقعے پر کہا کہ دونوں واٹر سپلائی سکیمیں مقامی باشندوں کو قابلِ اعتماد اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنا کر ان کے معیارِ زِندگی میں نمایاں بہتری لائیں گی۔اُنہوں نے کہا، ’’یہ منصوبے صرف پانی کی فراہمی کو بڑھانے کے بارے میںنہیں ہیںبلکہ یہ جموں شہر کے ہر باشندے کے لئے ایک صحت مند، محفوظ اور زیادہ باوقار زِندگی کو یقینی بنانے کے بارے میں ہیں۔‘‘وزیر موصوف نے کہا کہ پینے کے پانی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا عمر عبداللہ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت جموں و کشمیر کے ہر کونے میں محفوظ اور قابلِ اعتماد پانی کی مساوی رسائی یقینی بنانے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ان منصوبوں میں نئے سب سٹیشنوں کی تعمیر، پانی کی تقسیم کے نیٹ ورکس کی تنصیب اور اسے مضبوط بنانا، موجودہ ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اِضافہ اور دیگر متعلقہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی شامل ہے تاکہ پانی کی فراہمی کے نظام کی کارکردگی، قابلِ اعتماد حیثیت اور رسائی کو بہتر بنایا جا سکے۔ اِن اَقدامات سے پینے کے پانی کے مجموعی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور ہدف بنائے گئے گھرانوں اور علاقوں کو مناسب، باقاعدہ اوردیرپا پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں گی۔جاوید رانانے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں ہماری حکومت مضبوط اوردیرپا عوامی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ ترقی کے ثمرات ہر گھر تک پہنچیں اور کوئی بھی پیچھے نہ رہ جائے۔اُنہوں نے مزید کہاکہ جل شکتی محکمہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ ضلع بھر میں اسی نوعیت کے پانی کی فراہمی کے منصوبوں کی توسیع کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر تیز کیا جائے تاکہ پائپ کے ذریعے پانی کی فراہمی کے فوائد زیادہ سے زیادہ گھروں تک جلد از جلد پہنچ سکیں۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ کاموں کی قریبی نگرانی کی جائے اور معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔










