بھارت میں امریکی سفیر سرجیو گور بدھ کو پہلی بار کشمیر کا دورہ کریں گے

بھارت میں امریکی سفیر سرجیو گور بدھ کو پہلی بار کشمیر کا دورہ کریں گے

لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیراعلی عمر عبداللہ سے ملاقاتیں متوقع

سرینگر// بھارت میں تعینات امریکہ کے سفیر سرجیو گور بدھ کی دوپہر کشمیر پہنچیں گے۔ یہ جموں و کشمیر کا ان کا پہلا دورہ ہوگا۔ اپنے قیام کے دوران امریکی سفیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ساتھ اہم امور پر تبادلہ خیال کا امکان ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق سرجیو گور رواں برس 14 جنوری کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے سامنے اپنی اسناد پیش کرنے کے بعد بھارت میں امریکہ کے 27ویں سفیر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ جموں و کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں۔ وہ جنوبی اور وسطی ایشیا کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ امریکی سفیر بدھ کی دوپہر سرینگر پہنچیں گے اور ان کے قیام کا انتظام ویوانتا بائی تاج ہوٹل میں کیا گیا ہے۔ وہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ساتھ بھی مختلف امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔سرجیو گور کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بھارت اور امریکہ کے درمیان دفاع، تجارت، ٹیکنالوجی، اہم معدنیات، انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات سمیت مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔نئی دہلی میں ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد گور نے بھارتی قیادت کے ساتھ متعدد اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ وہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول سمیت کئی اعلیٰ بھارتی عہدیداروں سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔سرجیو گور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں صدر کے معاون اور صدارتی تقرریوں کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کے ساتھ مل کر ایک اشاعتی ادارہ بھی قائم کیا تھا اور امریکی سیاست و قانون سازی کے امور میں بھی طویل تجربہ رکھتے ہیں۔امریکی سفیر کے دورہ سرینگر کے پیش نظر ان کی آمد و رفت کے دوران سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جانے کی توقع ہے۔ دورے کے پروگرام اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کی مزید تفصیلات دورہ مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔سرینگر کے بعد امریکی سفیر جمعرات کو لداخ روانہ ہوں گے۔