جاوید رانا نے سول سیکرٹریٹ میں متعدد وفود سے ملاقات کی

جاوید رانا نے سول سیکرٹریٹ میں متعدد وفود سے ملاقات کی

جموں// وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے سول سیکرٹریٹ میں متعدد وفود سے ملاقات کی اور ان کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف ترقیاتی امور اور عوامی مسائل کا جائزہ لیا۔وفودنے وزیر کو اپنے اپنے علاقوں میں پانی کی فراہمی، آبپاشی کے بنیادی ڈھانچے اور دیگر ترقیاتی ضروریات سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیرموصوف نے وفود کو بغور سُنا اور یقین دِلایا کہ تمام جائز مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا اور انہیں مقررہ مدت کے اندر حل کرنے کے لئے ضروری اَقدامات کئے جائیں گے۔سوچیت گڑھ سے ترنجیت سنگھ ٹونی کی قیادت میں ایک وفد نے علاقے میںخراب پڑے بورویل کا مسئلہ اُٹھایا اور کہا کہ بورویل کے غیر فعال ہونے سے لفٹ اری گیشن سکیموں کے کام پر منفی اثر پڑا ہے جس کے نتیجے میں کسان کمیونٹی کو مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔وفد نے آبپاشی کے نظام کو بہتر بنانے اور زرعی سرگرمیوں کے لئے پانی کی مناسب دستیابی یقینی بنانے کے لئے آبپاشی کے راستوں کی صفائی اور بحالی کا بھی مطالبہ کیا۔وزیرجاوید احمد رانا نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ زمینی مسائل کا جائزہ لیں اور خراب بورویلوں کی بحالی اور متاثرہ لفٹ اری گیشن سکیموں کی بہتری کے لئے مناسب اَقدامات کریں۔ اُنہوں نے آبپاشی نالوں کی بروقت بالخصوص جاری زرعی سیزن کے دوران کسانوں کی ضروریات کے پیش نظر صفائی اور دیکھ ریکھ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اُنہوںنے اِس بات کا اعادہ کیا کہ قابلِ اعتماد پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا اور آبپاشی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ لوگوں کی طرف سے اپنے نمائندوں اور وفود کے ذریعے اٹھائے گئے مسائل پر مناسب توجہ دی جائے گی اور جائز مسائل کے فوری حل پر خصوصی زور دیا جائے گا۔جاوید رانانے متعلقہ محکموں کو مزید ہدایت دی کہ وہ فیلڈ ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ترقیاتی کام اور بحالی کے اَقدامات مؤثر طریقے سے اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں۔وفود نے وزیر کا تحمل سے سننے اور اُٹھائے گئے مسائل پر ضروری کارروائی کی یقین دہانی کرنے پر اُن کا شکریہ اَدا کیا۔