ترقی ، فلاح و بہبود ، کھیلوں او رنوجوانوں کے اقدامات کو اُجاگر کیا
کٹھوعہ//سپورٹس سٹیڈیم کٹھوعہ میں 80ویں یوم آزادی جوش وجذبے اور حب الوطنی کے ساتھ منایا گیا جہاں وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین ، آئی ٹی ، امورِ نوجوان و کھیل کود ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی محکمہ جات ستیش شرما نے قومی پرچم لہرایا۔اُنہوںنے پولیس، سیکورٹی فورسز، محکمہ جنگلات، این سی سی اور سکولی طالب علموں پر مشتمل دستوں کی شاندار پریڈ سے سلامی لی۔اِس موقعہ پر ممبر اسمبلی کٹھوعہ ڈاکٹر بھارت بھوشن، ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ راجیش شرما، ایس ایس پی کٹھوعہ موہیتا شرما، سول و پولیس اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران، سابق فوجی، ممتازشہری، طلبأ اور مقامی لوگ موجود تھے۔ ستیش شرمانے پریڈ کا معائینہ کیا اور کٹھوعہ سمیت جموں و کشمیر کے لوگوں کو یومِ آزادی کی دلی مُبارک باد پیش کی۔ اُنہوں نے مجاہدینِ آزادی، شہدأ اور ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیابالخصوص اُن بہادر سپاہیوں کو جنہوں نے ملک کے دفاع میں عظیم قربانیاں دیں۔ اُنہوں نے کٹھوعہ کو سرحدی ضلع اور ملک کے محافظ کے طور پر بیان کرتے ہوئے یہاں کے عوام کی بہادری اور قربانیوں کو سراہا۔اُنہوںنے کہا کہ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت جموں و کشمیر بھر میں متوازن ترقی اور مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مضبوط جموں ایک مضبوط جموں و کشمیر اور ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔اُنہوں نے کٹھوعہ میں ترقیاتی اقدامات کو اُجاگر کرتے ہوئے کہاکہ ضلع کیپکس بجٹ 2026-27 کے تحت 16 شعبوں میں 2,079 ترقیاتی کاموں کے لئے زائد اَز 70 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ 1,978 کام پہلے ہی شروع کئے جا چکے ہیں۔ستیش شرما نے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی، نبارڈ اور سینٹرل روڈ فنڈ کے منصوبوں کے ذریعے سڑکوں کے رابطے کو وسعت دی جا رہی ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ صنعتی شعبے میں 500 سے زائد یونٹس فعال ہیں جن میں 16,000 کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری ہوئی ہے اور 62,000 سے زائد افراد کو روزگار فراہم کیا جا رہا ہے۔اُنہوں نے منریگا اور پی ایم اے وائی۔گرامین کے تحت روزگار اور رہائش سے متعلق اَقدامات کو بھی اُجاگر کیا۔ اس کے علاوہ شہری بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے 267 کروڑ روپے کے اِنٹگریٹیڈسالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ اور 40 کروڑ روپے کے یوزڈ واٹر ٹریٹمنٹ پروجیکٹ کا بھی ذِکر کیا۔وزیر نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے مستقبل کی تشکیل میں قائدانہ کردار اَدا کریں اور کھیلوں، ہنر، ٹیکنالوجی، انٹرپرینیور شپ اور عوامی خدمت کے شعبوں میں موجود مواقع سے فائدہ اُٹھائیں۔ اُنہوں نے مذہب اور خطے کے امتیاز سے بالاتر ہو کر ایک پُرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ جموں و کشمیر اور ’وِکست بھارت‘ کے ویژن کی تکمیل کے لئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔اِس سے قبل سکولی بچوں کی جانب سے پیش کیا گیا شاندار ثقافتی پروگرام بھی تقریب کا اہم حصہ رہا جس میں حب الوطنی پر مبنی گیت، رقص اور موضوعاتی پرزنٹیشنز پیش کئے گئے جنہیں حاضرین و سامعین نے بھرپور داد دی۔تقریب میں شرکأاور ضلع کے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی گئی جبکہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (ڈِی آئی پی آر) کے مقابلوں کے فاتحین کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔










