ہاتھ سے تیار قالینوں کی شناخت اور مارکیٹ ویلیو کے تحفظ کیلئے’سی بی آئی سی‘ سے رجوع کرنے کا فیصلہ
سرینگر//قالینوں کی درجہ بندی میں مزید شفافیت لانے اور ہاتھ سے تیار قالینوں کی شناخت و مارکیٹ ویلیو کے تحفظ کیلئے کارپٹ ایکسپورٹ پروموشن کونسل نے مشینی قالینوں کیلئے علیحدہ اور واضح ہارمونائزڈ سسٹم آف نومنکلیچر کوڈ متعارف کرانے کی ضرورت کا جائزہ لینے کیلئے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔کونسل کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی اپنی سفارشات اور تفصیلی تجاویز سینٹرل بورڈ آف ان ڈائریکٹ ٹیکسز اینڈ کسٹمز کو پیش کرے گی، جو محکمہ محصولات، وزارت خزانہ کے تحت کسٹمز اور بالواسطہ ٹیکس سے متعلق امور کی نگرانی کرتا ہے۔کمیٹی میں کارپٹ ایکسپورٹ پروموشن کونسل کی کمیٹی آف ایڈمنسٹریشن کے ارکان شیخ عاشق احمد، پیوش کمار بارنوال اور معراج یاسین جان شامل ہیں۔ کارپٹ ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے مطابق موجودہ درجہ بندی کے نظام میں مشینی اور ہاتھ سے تیار قالینوں کے درمیان واضح تفریق نہ ہونے کے باعث بعض اوقات مشینی قالینوں کو ہاتھ سے تیار شدہ مصنوعات کے طور پر مارکیٹ میں پیش کیے جانے کی گنجائش پیدا ہوتی ہے۔ کونسل کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے نہ صرف صارفین کو گمراہ کن معلومات ملنے کا خدشہ ہے بلکہ حقیقی دستکاروں، قالین سازوں اور برآمد کنندگان کو بھی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔کمیٹی کے رکن شیخ عاشق احمد نے اجلاس کے دوران ہاتھ سے قالین تیار کرنے والے صنعت کاروں اور برآمد کنندگان کو درپیش مشکلات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہاتھ سے تیار اور مشینی قالینوں کے پیداواری طریقہ کار، روزگار پیدا کرنے کی صلاحیت، دستکاری، فنی قدر اور مارکیٹ پوزیشن میں نمایاں فرق ہے۔انہوں نے کہا کہ مشینی قالینوں کیلئے واضح اور علیحدہ درجہ بندی نہ ہونے سے ان مصنوعات کو ہاتھ سے تیار قالینوں کے طور پر فروخت یا پیش کیے جانے کا امکان بڑھ جاتا ہے، جس سے حقیقی دستکاروں اور صنعت سے وابستہ افراد کے مفادات متاثر ہوتے ہیں۔عاشق احمد کے مطابق ہاتھ سے تیار قالینوں کا خاطر خواہ اسٹاک گوداموں میں موجود ہے، جبکہ مشینی مصنوعات نسبتاً کم قیمت پر مارکیٹ میں دستیاب ہونے کے باعث مسابقتی دباؤ پیدا کر رہی ہیں۔ انہوں نے مشینی قالینوں کو موجودہ ہاتھ سے تیار قالینوں کی درجہ بندی سے الگ کرنے اور ان کیلئے مخصوص ’ایچ ایس این‘کوڈ مقرر کرنے پر زور دیا۔ کارپٹ ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے مطابق علیحدہ ’ایچ ایس این‘کوڈ متعارف ہونے سے تجارت میں شفافیت بڑھے گی، مصنوعات کی درست شناخت ممکن ہوگی، تجارتی اعداد و شمار زیادہ قابل اعتماد بنیں گے اور صارفین کو مصنوعات کی نوعیت سے متعلق بہتر معلومات حاصل ہوں گی۔ماہرین کی کمیٹی کسٹمز ٹیرف کے چیپٹر 57 کے تحت قالینوں اور دیگر ٹیکسٹائل فلور کورنگز کی موجودہ درجہ بندی کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ اس کے بعد مشینی قالینوں کیلئے علیحدہ ’ایچ ایس این‘درجہ بندی کی ضرورت کے اقتصادی، تجارتی اور روزگار سے متعلق پہلوؤں پر مشتمل جامع سفارشات تیار کی جائیں گی۔کونسل کا کہنا ہے کہ مجوزہ علیحدہ درجہ بندی کا مقصد ہاتھ سے قالین بنانے والے کاریگروں، بنکروں، صنعت کاروں اور برآمد کنندگان کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے مارکیٹ میں مصنوعات کی واضح شناخت یقینی بنانا ہے۔ کارپٹ ایکسپورٹ پروموشن کونسل اپنی ماہر کمیٹی کی سفارشات ’سی بی آئی سی‘کو غور اور مناسب کارروائی کیلئے پیش کرے گی، جہاں بورڈ موجودہ ٹیرف اور قانونی فریم ورک کے تحت معاملے کا جائزہ لے گا۔










