محبوبہ مفتی کے جنتر منتر بیان سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے
سرینگر// یو این ایس/جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم ثکینہ ایتو نے ہفتہ کو پی ڈی پی رہنما الیٰتجا مفتی کے خلاف درج ایف آئی آر پر جاری تنازع کو ’فکسڈ میچ‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اپنے صدر محبوبہ مفتی کے جنتر منتر پر دیے گئے بیانات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔یو این ایس کے مطابا سکینہ ایتو نے کہا کہ الیٰتجا مفتی کے خلاف درج ایف آئی آر کے معاملے کو جان بوجھ کر نمایاں کیا جا رہا ہے تاکہ دہلی میں احتجاج کے دوران محبوبہ مفتی کی جانب سے دیے گئے بیانات سے توجہ ہٹائی جا سکے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آرٹیکل 370 کی منسوخی کے خلاف پی ڈی پی کے احتجاج کے بعد الیٰتجا مفتی کے خلاف پولیس نے ایف آئی آر درج کی ہے۔ پولیس کا الزام ہے کہ احتجاج کے دوران الیٰتجا مفتی نے ایک پولیس افسر پر حملہ کیا، تاہم الیٰتجا مفتی نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے ان کے ساتھ بدسلوکی اور ہاتھا پائی کی۔دریں اثنا، جنتر منتر پر محبوبہ مفتی کے بیان کو لے کر بھی سیاسی تنازع پیدا ہوا، جس پر شدید تنقید کے بعد انہوں نے معذرت کی تھی۔الیٰتجا مفتی کے خلاف ایف آئی آر اور واقعے سے متعلق دونوں جانب سے سامنے آنے والے مختلف دعوؤں نے جموں و کشمیر میں حکمراں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے درمیان سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔










