قبائلی سیاحت منصوبے میں جموں و کشمیر کو جگہ نہ مل سکی

قبائلی سیاحت منصوبے میں جموں و کشمیر کو جگہ نہ مل سکی

مرکز نے 5خطوں کیلئے رقم منظور کی، لداخ کو 4.59 کروڑ روپے کی منظوری

سرینگر// یو این ایس/جموں و کشمیر کو مرکزی حکومت کی جانب سے قبائلی علاقوں میں ہوم اسٹے سیاحت کے فروغ کیلئے منظور کیے گئے 17.52 کروڑ روپے کے منصوبوں کی تازہ فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ یہ انکشاف راجیہ سبھا میں وزارت سیاحت کی جانب سے دیے گئے ایک تحریری جواب میں ہوا۔یو این ایس کے مطابق وزارت سیاحت کے مطابق ’’ڈیولپمنٹ آف ہوم اسٹیز اِن ٹرائبل ایریاز‘‘ کے تحت مالی سال 2025-26 میں مجموعی طور پر 17.52 کروڑ روپے کے منصوبے منظور کیے گئے، جو سوَدیش درشن 2.0 کے تحت ایک ذیلی اسکیم ہے۔ ان میں سے اب تک 8.755 کروڑ روپے جاری یا منظور شدہ رقم کے طور پر اختیار کیے جا چکے ہیں۔مرکز کی جانب سے منظور کیے گئے منصوبوں میں آندھرا پردیش، لداخ، مدھیہ پردیش، میزورم اور اتراکھنڈ شامل ہیں، جبکہ جموں و کشمیر اور تلنگانہ کو اس فہرست میں جگہ نہیں ملی۔لداخ کو ان منصوبوں میں دوسری سب سے بڑی رقم مختص کی گئی ہے۔ لداخ کیلئے 4.59 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں، جن میں سے 2.29 کروڑ روپے اب تک اختیار کیے گئے ہیں۔آندھرا پردیش کے مریڈومیلی کلسٹر کیلئے 1.23 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں، جبکہ مدھیہ پردیش کے کرن جیا اور پشپ راج گڑھ کلسٹروں اور میزورم کے سینٹرل و سدرن کلسٹروں کیلئے پانچ، پانچ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اتراکھنڈ کے چکراٹا کلسٹر کیلئے 1.70 کروڑ روپے منظور ہوئے ہیں۔وزارت نے بتایا کہ قبائلی ہوم اسٹے منصوبے کا مقصد مقامی آبادی کی شمولیت پر مبنی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ اس کے تحت ہوم اسٹے سہولیات کی ترقی، مقامی افراد کی استعداد کار میں اضافہ اور پائیدار سیاحتی طریقوں کے فروغ پر توجہ دی جا رہی ہے۔جموں و کشمیر کے تناظر میں اس پیش رفت کو اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ خطے میں متعدد قبائلی برادریاں موجود ہیں اور کئی دیہی و قدرتی سیاحتی مقامات کو کمیونٹی پر مبنی سیاحت کے فروغ کیلئے موزوں سمجھا جاتا ہے۔ تاہم تازہ منظور شدہ منصوبوں میں جموں و کشمیر کا کوئی منصوبہ شامل نہیں ہے۔وزارت سیاحت نے طبی سیاحت کے حوالے سے بتایا کہ حکومت نیشنل اسٹریٹیجی اینڈ روڈ میپ فار میڈیکل اینڈ ویلنس ٹورزم پر عمل درآمد کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ طبی، یوگا، آیوروید اور فلاح و بہبود سے متعلق سیاحتی مصنوعات کے فروغ کیلئے موضوعاتی تشہیری فلمیں تیار کی جا رہی ہیں اور الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔