کشمیر یونیورسٹی کیمپس کے تعلیمی معیار اور ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا
سری نگر//وزیر برائے تعلیم، صحت و طبی تعلیم اور سماجی بہبود محکمہ جات سکینہ اِیتو نے وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی کے ہمراہ وائن کپواڑہ میںکشمیر یونیورسٹی کے کیمپس کے تعلیمی معیار کو مضبوط بنانے اور جاری ترقیاتی سرگرمیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں وائس چانسلرکشمیر یونیورسٹی پروفیسر نیلوفر خان، کمشنر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم رام نواس شرما، ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ کانت بالاصاحب سوسے، رجسٹرار کشمیر یونیورسٹی، محکمہ تعلیم کے سینئر اَفسران اور ضلع اِنتظامیہ کپواڑہ کے دیگر متعلقہ افسران نے ذاتی طور پر یا بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیرموصوفہ اور مشیرموصوف نے جاری کاموں، تعلیمی بنیادی ڈھانچے، اِدارہ جاتی ضروریات اور کیمپس کی ترقی سے متعلق دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔میٹنگ میں کپواڑہ اور ملحقہ علاقوں کے طالب علموںکو معیاری اور قابل رَسائی تعلیمی مواقع فراہم کرنے پر زور دینے کے ساتھ شمالی کشمیر کے خطہ میں اعلیٰ تعلیم کے ایک ممتاز مرکز کے طور پر کیمپس کو مضبوط بنانے کے اَقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرتعلیم نے تمام زیرِ اِلتوأ کاموں میں تیزی لانے اور مطلوبہ بنیادی ڈھانچے کی بروقت تکمیل کے لئے متعلقہ محکموں اور یونیورسٹی حکام کے درمیان مربوط کوششیں یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ کیمپس میں خطے کی بڑھتی ہوئی تعلیمی ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کرنے کے لئے مناسب تعلیمی، اِنتظامی اور طلبأ کی معاونتی سہولیات ہونی چاہئیں۔اُنہوںنے متعلقہ محکموں کو کیمپس کی مزید ترقی اور توسیع میں حائل تمام رُکاوٹوں کو دور کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اُنہوں نے وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی کوبھی ہدایت دِی کہ وہ کیمپس کا خود دورہ کریں اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں۔وزیر سکینہ اِیتو نے ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ کو محکمہ جنگلات کے ڈویژنل فارسٹ آفیسر (ڈِی ایف او) کپواڑہ کے ساتھ مل کر زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق مسئلہ حل کرنے کی بھی ہدایت دی۔
مشیر ناصر اسلم وانی نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کپواڑہ کے طلبأ کے لئے اعلیٰ اور پیشہ ورانہ تعلیم تک رسائی کو وسعت دینے میں کپواڑہ کیمپس کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے تمام شراکت داروںکے مابین قریبی تال میل اور کیمپس کی ترقی کو متاثر کرنے والے مسائل کے بروقت حل پر زور دیا۔اُنہوں نے مقامی ضروریات اور ابھرتے ہوئے مواقع کے مطابق متعلقہ، روزگار پر مبنی اور پیشہ ورانہ کورسز متعارف کروا کر کیمپس کے تعلیمی پروفائل کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔دورانِ میٹنگ وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر نیلوفر خان نے وائن کپواڑہ کیمپس میں تعلیمی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے کے حوالے سے پیش رفت پر تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔










