صدرِ ہندنے کنی ہامہ کے دو ماسٹر بُنکروں کو نیشنل ہینڈ لوم ایوارڈ سے نوازا

صدرِ ہندنے کنی ہامہ کے دو ماسٹر بُنکروں کو نیشنل ہینڈ لوم ایوارڈ سے نوازا

مشترکہ انٹری نے توصیفی سند اور 2.5 لاکھ روپے کا نقد انعام جیت لیا

سری نگر//محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کشمیر نے کنی ہامہ بڈگام سے تعلق رکھنے والے دو ممتاز بُنکروںمنظور احمد حجام اور فیاض احمد وانی کو دلی مُبارک باد پیش کی ہے جنہیں کانی بُنائی کے شعبے میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں باوقار قومی ہینڈلوم ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ صدرِ جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے انہیں ان کی مشترکہ تخلیق ’’چاند دار کانی شال‘‘ کے لئے نئی دہلی میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران قومی ایوارڈ سے نوازا۔ یہ تقریب قومی ہینڈلوم ڈے کے موقعے پر منعقد ہوئی۔محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم کے ترجمان آج یہاںجاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا کہ یہ اعزاز منظور احمد حجام اور فیاض احمد وانی کی کانی بُنائی کے مقامی فن میں گرانقدر خدمات کے لئے ایک موزوں خراجِ تحسین ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ’’اس باوقار ایوارڈ کے حصول سے ماہر شال بافندگان نے کانی بُنائی کی تکنیک کو دستکاری کے شعبے میں نمایاں مقام دِلایا ہے جس سے اس اعلیٰ قدر کی حامل دستکاری کے لئے کاروباری مواقع کے نئے راستے کھلنے کی توقع ہے۔‘‘یہ ایوارڈجس میں توصیفی سند اور 2.5 لاکھ روپے کا نقد انعام بھی شامل ہے،کانی بُنائی کی ایک نایاب تکنیک کے لئے دیا گیا ہے جس کی رہنمائی کوڈڈ تعلیم سکرپٹ کے ذریعے کیا جاتا ہے تاکہ قطعی درستگی کو یقینی بنایا جا سکے جس میں ایک قدیم شاہکار کو دوبارہ تخلیق کرنے کے لئے تقریباً 20 الگ الگ رنگ موجود ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ ان کی شاندار فنی مہارت نے نہ صرف صدیوں پرانی روایت کو زندہ رکھا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی پذیرائی حاصل کی ہے۔ اُنہوں نے کہا، ’’وہ کشمیر کے ہزاروں شال بافندگان کے لئے رول ماڈل بن چکے ہیں اور پوری دستکاری کمیونٹی اس خوشی کے لمحے کو بڑے فخر کے ساتھ منا رہی ہے۔‘‘