ڈِی آئی پی آر نے مقامی فلمی صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے آئی ایف ایف جے کے ایمرجنگ فلم میکرز کمپٹیشن۔2026 کا اعلان کیا

سری نگر//محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ( ڈِی آئی پی آر )نے جموں و کشمیر کے نوجوان اور نئے فلم سازوں کی صلاحیتوں کی حوصلہ اَفزائی اور فروغ کے لئے ایک اہم اَقدام کے تحت آئی ایف ایف جے کے ایمرجنگ فلم میکرز کمپٹیشن۔ 2026کا اعلان کیا ہے۔ یہ مقابلہ جموں و کشمیر کے پہلے بین الاقوامی فلم فیسٹول (آئی ایف ایف جے کے) کا حصہ ہوگا۔ اِس کمپٹیشن کے لئے رجسٹریشن کا عمل آج 6 ؍اگست 2026 سے شروع ہو گیا ہے۔یہ کمپٹیشن بالخصوص جموں و کشمیر کے خواہشمند فلم سازوں کے لئے منعقد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد نوجوان کہانی نویسوں کو اَپنی تخلیقی صلاحیت، فلمی بصیرت اور تکنیکی مہارت کا مظاہرہ کرنے کے لئے اصلی مختصر فلموں کے ذریعے ایک باوقار پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔خواہشمند اوراُبھرتے ہوئے فلم سازوں کومدعو کیا جاتا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ پانچ منٹ دورانیے پر مشتمل اپنی اصل مختصر فلمیں جمع کرائیں۔ فلمیں جمع کرنے کی آخری تاریخ 26 ؍اگست 2026 ء مقرر کی گئی ہے۔درخواست دہندگان کی عمر یکم ؍ستمبر 2026 ء تک 18 سے 39 برس کے درمیان ہونی چاہیے اور ان کے پاس جموں و کشمیر کا درست ڈومیسائل سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہے۔یہ کمپٹیشن’’رنگِ سنیما: فریمز آف اے نیو جموںو کشمیر‘‘کے موضوع پر منعقد کیا جا رہا ہے جو خطے کی بدلتی ہوئی ثقافتی، سماجی اور تخلیقی جہتوں کی عکاسی کرتا ہے اور نوجوانوں کو سنیما کے ذریعے مؤثر اور دلکش کہانیاں پیش کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔دلچسپی رکھنے والے فلم سازوں اور سنیماٹوگرافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ آئی ایف ایف جے کے کی سرکاری ویب سائٹ www.iffjk.org پر جا کر رجسٹریشن کریں۔ مقابلے سے متعلق تفصیلی رہنما اصول، اہلیت کے معیار اور رجسٹریشن کا مکمل طریقۂ کار بھی اسی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (ڈِی آئی پی آر ) نے جموں و کشمیر بھر کے خواہشمند فلم سازوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنہری موقعہ سے فائدہ اُٹھائیں اور اَپنی منفرد اوراثر انگیز کہانیوں کے ذریعے یونین ٹیریٹری کے بڑھتے ہوئے فلمی کلچر کو مزید مضبوط بنانے میں اَپنا کردار اَدا کریں۔