بورڈ آف پیس کا غزہ میں حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاہدہ

بورڈ آف پیس کا غزہ میں حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاہدہ

واشنگٹن/سیاست نیوز//امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ بورڈ آف پیس نے غزہ میں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاہدہ کرلیا۔صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاہدہ ہوگیا ہے، جیسے ہی غزہ کو غیر مسلح کرنے کا عمل مکمل ہوگا، اسرائیلی افواج واپس چلی جائیں گی۔ٹرمپ نے کہا کہ معاہدہ غزہ میں نئی فلسطینی حکومت کے قیام کی جانب اہم قدم ہے، معاہدہ مرحلہ وار اور منظم طریقے سے نافذ کیا جائے گا۔صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ آف پیس نے آج غزہ میں حماس اور دیگر تمام مسلح گروہوں کے مکمل غیر مسلح ہونے سے متعلق ایک تاریخی معاہدہ کیا ہے، یہ معاہدہ دیرپا امن اور سلامتی کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ٹرمپ نے کہاکہ یہ معاہدہ غزہ میں بالآخر ایک نئی فلسطینی حکومت کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہے، جو فلسطینی عوام کی مدد کے لیے بورڈ آف پیس کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کرے گی۔امریکی صدر نے کہا کہ ساتھ ہی اسرائیل کو بھی وہ سکیورٹی فراہم کی جائے گی جس کا وہ مطالبہ کرتا ہے، تاکہ غزہ کو مستقبل میں حملوں کے اڈہ کے طور پر استعمال نہ کیا جا سکے۔امریکی صدر نے کہا کہ یہ معاہدہ میرے 20 نکاتی منصوبے پر عمل درآمد کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس پر مرحلہ وار عمل کیا جائے گا، اور جیسے جیسے غیر مسلح کرنے کا عمل مکمل ہوگا، اسرائیلی افواج غزہ سے انخلا کریں گی۔ جبکہ بین الاقوامی استحکام فورس نئی فلسطینی پولیس کے ساتھ مل کر غزہ میں امن و امان کی ذمہ داری سنبھالے گی۔حماس کے ایک سینئر عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ تنظیم نے غزہ میں مکمل غیر مسلحی سے متعلق بورڈ آف پیس کے مجوزہ منصوبہ سے اتفاق کر لیا ہے جبکہ اس حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق حماس کے سینئر رہنما نے بتایا کہ تنظیم نے منصوبے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے اور اس بارے میں تفصیلات پر مشتمل سرکاری بیان جلد جاری کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہتھیاروں اور اسرائیلی فوج کے غزہ سے مرحلہ وار انخلا پر معاہدہ طے پاگیا ہے۔ جبکہ امید ہے کہ ثالث اور بورڈ آف پیس اسرائیل کو معاہدے کا پابند بنائیں گے۔برطانوی نشریاتی ادارے کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسے مجوزہ منصوبے کا متن بھی موصول ہو چکا ہے جس کی تفصیلات مرحلہ وار سامنے لائی جائیں گی۔اگر اس پیش رفت کی باضابطہ تصدیق ہو جاتی ہے تو اسے غزہ کی موجودہ صورتحال اور امن کوششوں میں ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔تاہم تاحال حماس کی جانب سے سرکاری اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی دیگر متعلقہ فریقوں نے اس معاملے پر باضابطہ ردعمل دیا ہے۔