متاثرہ کنبوں کیلئے 6لاکھ روپے ایکس گریشیا اِمداد کا اعلان
سری نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ضلع پونچھ کے لوران کے نندیچول علاقے میں دومیل ڈھوک میںمٹی کے تودے گرآنے سے سات اَفراد کی جانوں کے ضیاع پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے۔ اُنہوں نے سوگوار کنبوںسے دِلی تعزیت کا اِظہار کیا اور مرحومین کی اَرواح کے اَبدی سکون کے لئے دُعا کی۔ اُنہوں نے متاثرہ کنبوں کی فوری اِمداد کے طور پر ہر جاں بحق فرد کے لواحقین کے لئے 6 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا اِمداد کا اعلان کیا۔ اس امداد میں 4 لاکھ روپے سٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ (ایس ڈِی آر ایف) اور 2 لاکھ روپے چیف منسٹر ریلیف فنڈ (سی ایم آر ایف ) سے فراہم کئے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے ریلیف اور بازآبادکاری کے اقدامات کی مؤثر نگرانی کے لئے وزرأ جاوید احمد رانا اور ستیش شرما کو راجوری اور پونچھ کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ دونوں وزرأ زمینی صورتحال کا جائزہ لیں گے، جاری امدادی کارروائیوں کی نگرانی کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ تمام ضروری اِمداد متاثرہ کنبوںتک بلا تاخیر پہنچ جائے۔










