وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے راجوری اور پونچھ میں بارش سے متعلق واقعات کے جان بحق اَفراد کے لواحقین کیلئے 6لاکھ روپے ایکس گریشیا اِمداد کا اعلان کیا

وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے راجوری اور پونچھ میں بارش سے متعلق واقعات کے جان بحق اَفراد کے لواحقین کیلئے 6لاکھ روپے ایکس گریشیا اِمداد کا اعلان کیا

جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے راجوری اور پونچھ اَضلاع میں بارش سے متعلق مختلف واقعات میں جان بحق ہوئے اَفراد کے لواحقین کے لئے فوری اِمدادی اقدام کے طور پر 6لاکھ روپے ایکس گریشیا امداد کا اعلان کیا ہے تاکہ سوگوار کنبوں کی مدد کی جا سکے۔اُنہوں نے سیلاب ،لینڈ سلائیڈنگ اور بارش سے متعلقہ دیگر واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دُکھ کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کوئی بھی مالی اِمداد متاثرہ کنبوںکے ناقابلِ تلافی نقصان کا ازالہ نہیں کر سکتی، تاہم حکومت دُکھ اور مشکل کی اس گھڑی میں اُن کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا،’’ اگرچہ پونچھ اور راجوری میں گزشتہ روز کے سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور بارش سے متعلق دیگر واقعات کے باعث ہوئے ناقابل تلافی جانی نقصان کی کوئی مالی اِمداد کبھی تلافی نہیں کر سکتی، تاہم سوگوار کنبوں کی فوری مدد کے لئے ہر متوفی شخص کے قریبی لواحقین کو 6 لاکھ روپے ایکس گریشیا امداد فراہم کی جائے گی۔‘‘اس اِمدادی پیکیج میں 4 لاکھ روپے سٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ (ایس ڈِی آر ایف) سے جبکہ اضافی 2 لاکھ روپے چیف منسٹرریلیف فنڈ (سی ایم آر ایف) سے فراہم کئے جائیں گے۔یہ اعلان اتوار کی شام وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کے بعد سامنے آیا جس میں راجوری اور پونچھ اضلاع میں آئے تباہ کن اچانک سیلاب اور بارش سے متعلق دیگر حادثات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ان واقعات کے نتیجے میں متعدد اَفراد جان بحق ہوئے جبکہ سرکاری اور نجی املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔دوران میٹنگ وزیر اعلیٰ نے اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ متاثرہ کنبوں کو فوری اِمداد اور بازآبادکاری کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے اور اس بات پر زور دیا کہ ہر ممکن مدد بغیر کسی تاخیر ان تک پہنچائی جائے۔ اُنہوں نے متعلقہ متاثرہ علاقوں میں ضروری خدمات کی بحالی اور اِمدادی اقدامات کو تیز کرنے کے لئے تمام متعلقہ محکموں کی جانب سے مربوط کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔