اراکین اسمبلی حسنین مسعودی او راِرشاد رسول کار نے جاوید احمد ڈار سے ملاقات کی

اراکین اسمبلی حسنین مسعودی او راِرشاد رسول کار نے جاوید احمد ڈار سے ملاقات کی

پانپور اور سوپور کی ترقیاتی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا

سری نگر// ممبر اسمبلی پانپورجسٹس (ریٹائرڈ) حسنین مسعودی اور رکن اسمبلی سوپور اِرشاد رسول کار نے سول سیکرٹریٹ میں وزیر برائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقی و پنچایتی راج،اِمدادِ باہمی اورالیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار سے ملاقات کی۔اُنہوں نے اَپنے اَپنے حلقوں سے متعلق مختلف ترقیاتی امور اور عوامی فلاحی مسائل وزیر موصوف کو گوش گزار کئے۔دورانِ ملاقات دونوںقانون سازوں نے اپنے حلقوں سے متعلق متعدد مطالبات پیش کئے جن میں عوامی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، ضروری خدمات میں بہتری لانے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے پر خصوصی زور دیا گیا۔اُنہوں نے لوگوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لئے مختلف مسائل کے بروقت حل کے لئے وزیر کی مداخلت کی درخواست کی۔ممبر قانون ساز اسمبلی پانپورر نے ایک میمونڈم پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دیہی ترقی محکمہ کی اراضی محکمہ صحت کو منتقل کی جائے تاکہ سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال پانپور کی توسیع اور اَپ گریڈیشن کا دیرینہ منصوبہ عمل میں لایا جا سکے۔ اُنہوں نے وزیر سے اپیل کی کہ متعلقہ حکام کو جلد از جلد اراضی کی منتقلی کے لئے ضروری ہدایات جاری کی جائیں تاکہ علاقے کے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اراکین اسمبلی نے سڑک رابطے، عوامی بنیادی ڈھانچے، دیہی ترقی، شہری سہولیات اور دیگر حلقہ جاتی ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مسائل بھی اُجاگر کئے اور ان کے جلد از جلد حل کے لئے حکومتی مداخلت کی درخواست کی۔وزیر جاوید ڈار نے دونوںاراکین اسمبلی کو بغور سُنا اورپیش کردہ تمام معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے یقین دِلایا کہ ہر جائز مطالبے کا ترجیحی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا اور متعلقہ محکموں کو ان کے فوری اور وقتی حل کے لئے ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی۔وزیر موصوف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت جموں و کشمیر میں متوازن، ہمہ گیر اور عوام دوست ترقی کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کا ازالہ اور ہر حلقے میں ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرنا حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔