عوامی شکایات کے جلد از جلد ازالے کا مطالبہ کیا
سری نگر//ممبر اسمبلی راجپورہ غلام محی الدین میر، رُکن قانون ساز اسمبلی اوڑی ڈاکٹر سجاد شفیع اور ممبر قانون ساز اسمبلی پانپور حسنین مسعودی نے سول سیکرٹریٹ میں وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا سے ملاقات کی۔دورانِ ملاقات اراکین اسمبلی نے وزیر کو اپنے اپنے حلقوں سے متعلق زیر اِلتوا ٔعوامی شکایات اور ترقیاتی ضروریات کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ اُٹھائے گئے مسائل میں پینے کے پانی کی فراہمی کی سکیموں کی توسیع اور بحالی، خراب شدہ آبپاشی نہروں کی مرمت و دیکھ ریکھ ،جنگلاتی اراضی کے تحفظ سے متعلق مسائل اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ کنٹرول بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے دیرینہ مطالبات شامل تھے۔ممبر اسمبلی راجپورہ غلام محی الدین میر نے اَپنے حلقے میں آبپاشی اور نکاسی آب سے متعلق مسائل کی طرف توجہ مبذول کی اوروزیر سے مداخلت کی اپیل کی۔ رُکن اسمبلی اوڑی ڈاکٹر سجاد شفیع نے اَپنے حلقے میں پینے کے پانی کی فراہمی میں توسیع سے متعلق منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیاجبکہ ممبر اسمبلی پانپور حسنین مسعودی نے ماحولیاتی انحطاط سے متعلق خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے حلقے کی عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے وزیر سے مداخلت کی درخواست کی۔جاوید رانا نے اراکینِ اسمبلی کی طرف سے اُٹھائے گئے معاملات کا جواب دیتے ہوئے یقین دِلایا کہ تمام حقیقی مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر مقررہ مدت کے اندر حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا،’’عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت اس بات کے لئے پُرعزم ہے کہ عوام کی کوئی بھی جائز شکایت نظرانداز نہ ہو۔ عوامی خدمت اور نچلی سطح پر ترقی ہماری اوّلین ترجیح ہے اور ہم ہر حلقے تک پہنچنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔‘‘اُنہوں نے تمام حلقوں میں ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ تمام زیر اِلتوا ٔمسائل مقررہ مدت میں حل کئے جائیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر نہ ہو۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ ان کے محکمے نے حالیہ مہینوں میں عوامی نمائندوں کی طرف سے اُٹھائے گئے متعدد مطالبات پر پہلے ہی کارروائی شروع کی ہے اور افسران کو زیر اِلتوأ کاموں کو تیز کرنے اور متواتر تعمیل رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا، ’’جن ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے، انہیں بلاوجہ تاخیر کے بغیر مکمل کیا جانا چاہیے۔ میں نے متعلقہ اِنجینئروں اور اَفسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ زمینی سطح پر پیش رفت کی ذاتی نگرانی کریں اور ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنائیں۔‘‘اراکین اسمبلی نے وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ راجپورہ، اُوڑی اور پانپورکے لوگوں کو درپیش مسائل پر جلد توجہ دی جائے گی۔










