کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام شہزاد عالم نے یاری پورہ کا دورہ کیا اور ’بلاک دیوس ‘عوامی رابطہ پروگرام کی صدارت کی۔دوران پروگرام اُنہوں نے ایک استفساری عوامی شکایات سماعت کا اِنعقاد کیا جس میں مقامی آبادی کو اپنے مسائل، مطالبات اور ترقیاتی تحفظات پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔لوگوں کی طرف سے اٹھائی گئی شکایات کا تعلق بنیادی طور پر سڑ ک رابطے، پینے کے پانی کی فراہمی، بجلی، صحت سہولیات، تعلیم، صفائی، آبپاشی، محصولات کے معاملات اور دیگر شہری سہولیات سے متعلق تھیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ہر شکایت کو بغورسنا اور متعلقہ محکموں کے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ نافذ العمل قواعد کے مطابق اور مقررہ وقت کے اندر ان مسائل کو فوری طور پر حل کریں۔جن معاملات کو فوری مداخلت کی ضرورت تھی انہیں موقعے پر ہی حل کیا گیا جبکہ باقی مسائل کو ضروری کارروائی اور فالو اپ کے لئے متعلقہ محکموں کو بھجوا دیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے جوابدہ طرزِ حکمرانی، شفافیت، جوابدہی نظام اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے پر زور دیا۔ اُنہوں نے تمام اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ مقامی اِنتظامیہ کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھیں اور حکومت کی فلاحی سکیموں اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ترقیاتی اقدامات میں فعال طور پر حصہ لیں اور سرکاری سکیموں سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں۔بلاک دیوس پروگرام بحسن و خوبی مکمل ہوا اور یہ ضلعی اِنتظامیہ اورلوگوں کے مابین روبرو رابطے کے لئے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوا۔ اِس دورے سے اِنتظامیہ پرلوگوں کا اعتماد مضبوط ہوا اور مربوط محکمانہ کارروائی کے ذریعے مقامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل میں آسانی ہوئی۔اس تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کولگام، چیف پلاننگ آفیسر، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کولگام، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ کولگام، ایگزیکٹیو اِنجینئران، ضلعی وسیکٹورل افسران، تحصیل دار یاری پورہ، بی ڈی او بہی باغ، ای او، مختلف سرکاری محکموں کے نمائندوں اور مقامی باشندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔










