لیفٹیننٹ گورنر نے نُن ون بیس کیمپ کا دورہ کیا اور امرناتھ جی یاترا کے اِنتظامات کا جائزہ لیا

لیفٹیننٹ گورنر نے نُن ون بیس کیمپ کا دورہ کیا اور امرناتھ جی یاترا کے اِنتظامات کا جائزہ لیا

سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہانے اتوار کے روز سینئر اَفسران کے ہمراہ نُن ون بیس کیمپ کا دورہ کیا اور جاری شری امرناتھ جی یاترا کے اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے اِنتظامی اور سیکورٹی اَفسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں یاتریوں کی آواجاہی ،سیکورٹی اِنتظامات، قیام و طعام کی سہولیات، رجسٹریشن کی پیش رفت اور اِنتظامی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا تاکہ یاترا کو ہر لحاظ سے آسان، محفوظ اور خوش اسلوبی سے انجام دیا جا سکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ تمام یاتریوں کی حفاظت، سلامتی اور سہولیت کو اوّلین ترجیح دی جائے اور ساتھ ہی یہ یقینی بنائیں کہ بابا برفانی کے ہر عقیدت مند کومقررہ تاریخوں کے ساتھ درست اور منظور شدہ رجسٹریشن کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا جائے تاکہ اِنتظار کے وقت کو کم سے کم کیا جا سکے۔اُنہوںنے اَفسران سے کہا،’’قریبی تال تامل برقرار رکھیں ، زمینی سطح پر دستیاب رہیں اور یاتریوں کی شکایت کا فوری ازالہ یقینی بنائیں۔‘‘دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے یاتریوں سے بھی بات چیت کی اور اُنہیں یقین دِلایا کہ شری امرناتھ جی شرائین بورڈ اور یاترا کے اِنتظامی محکمے ایک محفوظ، ہموار اور بلا رکاوٹ روحانی سفر کو یقینی بنانے کے لئے شب و روز مصروفِ عمل ہیں۔اُنہوں نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ یاتریوں پر مرکوز نقطہ نظراَپنائیں اور اِس بات کویقینی بنائیں کہ کسی بھی عقیدت مند کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اُنہوں نے خصوصی طور پر ہدایت دی کہ اگر ایک ہی کنبے کے افراد اکٹھے یاترا کے لئے پہنچیں اور ان میں سے کسی ایک فرد کے پاس رجسٹریشن نہ ہو جبکہ دیگر اَفراد کے پاس درست اِجازت نامے موجود ہوں، مقررہ طریقۂ کار کے مطابق کنبے کی یاترا کو آسان بنانے کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کی جانی چاہیے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کچھ ٹریول ایجنٹوں کی جانب سے جعلی رجسٹریشن کرانے کی اطلاعات پر شدید تشویش کا اِظہار کیا جس کے نتیجے میں بعض یاتری مناسب تصدیق کے بغیر یاترا کے لئے پہنچ رہے ہیں۔ اُنہوں نے پولیس اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ایسے ٹریول ایجنٹوں کی نشاندہی کی جائے اور جعلی رجسٹریشن میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ ان کے پرنسپل سیکرٹری اور شری امرناتھ جی شرائین بورڈ کے چیف ایگزیکٹیوآفیسر ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، آئی جی پی کشمیر وِی کے بردی، آئی جی پی ٹریفک جموں و کشمیر ایم سلیمان چودھری، کمشنر سیکرٹری محکمہ امورِنوجوان و کھیل کود اور پہلگام محور کے نوڈل آفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری، صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ،ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ ، ایس ایس پی اننت ناگ امود ناگپورے اشوک، ڈِی جی رورل سینی ٹیشن جموں و کشمیر انو ملہوترا، شرائین بورڈ، سول اِنتظامیہ، پولیس اور سیکورٹی فورسز کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔