جموں و کشمیر میں آئندہ ہفتے شدید بارشوں کا امکان

جموں و کشمیر میں آئندہ ہفتے شدید بارشوں کا امکان

6 سے 8 جولائی تک تیز بارش، گرج چمک اور آندھی کی پیش گوئی

سرینگر// محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں آئندہ ایک ہفتے کے دوران بارشوں میں اضافے کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خصوصاً جموں ڈویڑن میں شدید بارش، گرج چمک، آسمانی بجلی، تیز ہوائیں اور بعض مقامات پر فلیش فلڈ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔یو این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کے سرینگر مرکز کی جانب سے ہفتہ کو جاری پیش گوئی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر ڈویژن میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ جموں ڈویژن میں کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔ محکمہ کے مطابق اگلے دو دنوں تک موسم میں کوئی نمایاں تبدیلی متوقع نہیں ہے۔تازہ پیش گوئی کے مطابق کشمیر میں 4 اور 5 جولائی کو چند مقامات پر بارش، 6 جولائی کو مختلف علاقوں میں بارش، 7 اور 8 جولائی کو کافی وسیع پیمانے پر بارش جبکہ 9 اور 10 جولائی کو دوبارہ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ادھر جموں ڈویژن میں 4 سے 6 جولائی تک متعدد علاقوں میں بارش، 7 اور 8 جولائی کو وسیع پیمانے پر بارش اور 9 و 10 جولائی کو بھی کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے جموں ڈویڑن کے لیے موسمی انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 4، 5، 9 اور 10 جولائی کو بعض علاقوں میں گرج چمک، آسمانی بجلی اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔محکمہ کے مطابق 6 سے 8 جولائی کے دوران بعض مقامات پر شدید بارش، گرج چمک، آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کا امکان ہے، جس کے باعث حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے، پتھروں کے کھسکنے اور اچانک سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔یو این ایس کے مطابق کشمیر ڈویژن کے لیے بھی 7 اور 8 جولائی کو چند مقامات پر گرج چمک، آسمانی بجلی اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے عوام، خصوصاً حساس اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خراب موسمی حالات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔