کہا،اِس فیصلے سے فضائی رابطہ بلا تعطل جاری رہے گا اور سیاحت ، تجارت اور عوامی سہولیت کا تحفظ ہوگا
سری نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سری نگرائیرپورٹ پر مجوزہ رن وے کی بندش کے حوالے سے اُٹھائے گئے خدشات پر مرکزی حکومت کے فوری اور مثبت ردِّعمل کا خیر مقدمکرتے ہوئے اس کاشکریہ اَدا کیا۔اُنہوں نے کہا کہ بندش کو مؤخر کرنے کے فیصلے سے جموں و کشمیر کی فضائی رابطہ کاری بلا رُکاوٹ جاری رہے گا اور مسافروںکے ساتھ ساتھ سیاحتی شعبے کو بھی بڑی راحت ملے گی۔اُنہوںنے مسافروں، سیاحتی صنعت، تجارتی سرگرمیوں اور جموں و کشمیر کے لوگوںکے مفادات کے تحفظ کے لئے اس معاملے کو ذاتی طور پر مرکزی حکومت کے سامنے اُٹھایا تھا کیوں کہ مجوزہ بندش سے ان تمام شعبوں کے بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔ وزیر اعلیٰ نے اَپنی قدر دانی کا اِظہار کرتے ہوئے کہا،’’میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جی اور وزیر شہری ہوابازی رام موہن نائیڈو جی کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوںنے ہماری درخواست قبول کرتے ہوئے ائیرپورٹ کی مجوزہ بندش کا فیصلہ مؤخر کردیا۔ اس بندش سے روزمرہ سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھااور سیاحتی گروپوں اور سیاحوں کو اَپنے طے شدہ دورے منسوخ کرنے پر مجبور کر دیا تھا۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ رن وے کی مجوزہ بندش کو مؤخر کرنے سے خطے کی فضائی رابطہ بلا رُکاوٹ جاری رہے گا جس سے سفر، سیاحت اور معاشی سرگرمیوں میں کسی قسم کی رُکاوٹ پیدا نہیں ہوگی۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ خصوصاً سیاحتی سیزن کے دوران جموں و کشمیر کی معیشت کے لئے مؤثر اور بلا تعطل فضائی رابطہ اِنتہائی اہمیت کا حامل ہے اور جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے اُٹھائے گئے خدشات کا فوری توجہ دینے پر مرکزی حکومت کا شکریہ اَدا کیا۔










