شری امرناتھ جی یاترا۔2026 کے یاتریوں کیلئے ضروری اطلاع

سرینگر//عدالت عظمیٰ کی ہدایات کے مطابق یاترا کے راستے پر روزانہ سفر کرنے والے یاتریوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد مقرر کی گئی ہے۔ یاتریوں کی حفاظت اور یاترا کے پُرامن و منظم اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے اس یومیہ حد پر عمل کرنا لازمی ہے۔یاتریوں کی سہولیت کے پیش نظر یاترا شروع ہونے سے کافی پہلے ملک بھر میں مختلف بینک شاخوں اور آن لائن ذرائع کے ذریعے پیشگی رجسٹریشن کی سہولیت فراہم کی گئی تھی۔ بیشتر یاتری اِس سہولیت سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے پہلے ہی اَپنی رجسٹریشن مکمل کر چکے ہیں۔لہٰذا تتکال (موقعہ پر) رجسٹریشن کے لئے دستیاب نشستیں اِنتہائی محدود ہیں۔ تمام یاتریوں سے درخواست ہے کہ وہ پیشگی رجسٹریشن مکمل کرنے کے بعد ہی جموں و کشمیر کا سفر کریں۔ اِس لئے بغیر رجسٹریشن کے جموں و کشمیر پہنچنے والے ہزاروں یاتریوں کو ’تتکال‘ سہولیت کے تحت جگہ دینا ممکن نہیں ہے۔ ایسے یاتریوں سے گزارش ہے کہ وہ اَپنی باری کا اِنتظار کریں اور صرف اِنتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ تاریخ پر ہی سفر کریں۔یہ بھی مشاہدے میں آیا ہے کہ کئی رجسٹرڈ یاتری اَپنی مقررہ سفری تاریخ سے پہلے ہی جموں و کشمیر پہنچ رہے ہیں۔ واضح کیا جاتا ہے کہ کسی بھی یاتری کو اس کی رجسٹرڈ تاریخ سے قبل یاترا کی اِجازت نہیں دِی جائے گی۔ براہ کرم صرف اَپنی رجسٹرڈ تاریخ پر ہی سفر کریں۔بغیر رجسٹریشن کے جموں و کشمیر پہنچنے والے یاتریوں سے ایک بار پھرگزارش ہے کہ وہ اَپنی باری کا انتظار کریں۔یقین رکھیں کہ ہر یاتری کو شری امرناتھ جی یاترا کرنے کا موقعہ ملے گا ،تاہم یہ صرف مقررہ طریقۂ کار اور دستیاب گنجائش کے مطابق ہی ممکن ہوگا۔تمام یاتریوں سے گزارش ہے کہ نظم و ضبط برقرار رکھیں اور ہر ایک کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اِنتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔