وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے ممبران اسمبلی ، تجارتی و سیاحتی شعبے کے نمائندگان سے ملاقات کی

وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے ممبران اسمبلی ، تجارتی و سیاحتی شعبے کے نمائندگان سے ملاقات کی

سرینگر//متعددعوامی نمائندوں، وفود اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شراکت داروں نے آج ’رابطہ‘ میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی جس کے دوران ترقی، عوامی بہبود، تجارت، سیاحت اور کاروبار سے متعلق متعدد اہم مسائل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ممبر اسمبلی جسروٹا راجیو جسروٹیہ، رُکن اسمبلی حبہ کدل شمیم فردوس اور ممبر اسمبلی ڈوڈہ معراج ملک نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور انہیں اَپنے اَپنے حلقوں کی ترقیاتی ترجیحات اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ممبران سمبلی نے حکومت کی توجہ کے متقاضی مختلف مسائل جن میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، عوامی خدمات کی مؤثر فراہمی، جاری ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد اور اَپنے اَپنے حلقوں سے متعلق دیگر اہم معاملات شامل تھے، اُجاگر کئے تاکہ لوگوںکے معیارِ زِندگی میں بہتری لائی جا سکے۔وزیر اعلیٰ نے ان کے مسائل بغورر سُنا اور یقین دِلایا کہ تمام حقیقی مسائل اور جائز مطالبات کا باریک بینی سے جائزہ لے کر مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اِسی دوران صدر کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینوفیکچررس فیڈریشن (کے ٹی ایم ایف) محمد یاسین خان کی قیادت میں ایک وفد بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوااور تجارتی اور کاروباری کمیونٹی سے متعلق مسائل اُٹھائے۔

مزید برآں، چیئرمین ٹورسٹ ٹریڈ انٹرسٹ گلڈ ظہور احمد کرنائی کی قیادت میں ایک وفد نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات

کی۔وفد نے کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لئے مختلف اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا۔ سیاحوں کی آمد بڑھانے، سیاحتی سرگرمیوں کی مؤثر تشہیر اور سیاحتی شعبے کو مزیدمضبوط بنانے کے مقصد سے مختلف اقدامات پر بھی غور وخوض کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے ملاقات کے دوران پیش کی جانے والی تعمیر تجاویز کی سراہنا کی اورجموں و کشمیر میں ذمہ دار حکمرانی، جامع ترقی اور دیرپا اِقتصادی پیش رفت کو یقینی بنانے کے لئے عوامی نمائندوں، تجارتی تنظیموں اور دیگرشراکت داروں کے ساتھ باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔