نائب وزیراعلیٰ نے سری نگر میں زیر تعمیر سیرباغ۔سمپورہ پُل کامعائینہ کیا

نائب وزیراعلیٰ نے سری نگر میں زیر تعمیر سیرباغ۔سمپورہ پُل کامعائینہ کیا

سری نگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے سری نگر میں زیرتعمیر سیرباغ۔سمپورہ پُل کا معائینہ کیا اور عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ باقی ماندہ کام میں تیزی لائی جائے تاکہ اس اہم منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرکے لوگوںکے نام وقف کیا جا سکے۔دورے کے دوران اُنہوں نے جاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت اور معیار کا جائزہ لیا۔ اِس موقعہ پر نائب وزیراعلیٰ کے ہمراہ چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی سنٹرل کشمیر نریندر کمار، سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر،ارم لون اور محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے منصوبے کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ ٹائم لائن پر عمل کرتے ہوئے تعمیراتی معیار کو ہرصورت میں یقینی بنائیں۔اُنہوں نے کہا کہ پُل کی تعمیر آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور اس لئے باقی ماندہ کام کو تیزی سے مکمل کیا جانا چاہیے۔سریندر کمار چودھری نے منصوبے کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس پُل کی تکمیل سے سیرباغ، سمپورہ، سمر بُگ اور چاڈورہ، پانپور اور سری نگر کے ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کے لئے رابطے اور سفر کی آسانی میں نمایاں بہتری آئے گی۔اُنہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف سفر کا وقت کم ہوگا بلکہ لوگوں کی بنیادی سہولیات تک رَسائی بہتر ہوگی اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے جدید، مضبوط اوردیرپا بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ باقی ماندہ کاموں کومؤثر انداز میں مکمل کرنے کو یقینی بنائیںتاکہ پُل کو جلد از جلدلوگوں کے لئے کھول دیا جائے۔