یاترا کے پُر امن اور احسن اِنعقاد کے اِنتظامات کا جائزہ لیا
بال تل//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی،اَمورِ نوجوان و کھیل کود ، سائنس و ٹیکنالوجی اور ٹرانسپورٹ محکمہ جات ستیش شرما نے بال تل بیس کیمپ میں شری امرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کا والہانہ اِستقبال کیا اور اس سالانہ یاترا پر روانہ ہونے والے عقیدت مندوں کو دلی مُبارک باد اور نیک خواہشات پیش کیں۔اُنہوں نے یاتریوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے سفری تجربات کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے لئے شری امرناتھ جی کی پوتر گپھا تک محفوظ، پُرسکون اور روحانی طور پر بھرپور سفر کی دعا کی۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ یاترا عقیدت مندوں اور پورے ملک کے لئے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کی نوید لے کر آئے۔دورے کے دوران ستیش شرما نے یاترا کے پُرامن اور احسن اِنعقاد کے لئے کئے گئے انتظامات کا جامع جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ٹرانسپورٹ، رہائش، صحت سہولیات، صفائی، پینے کے پانی، خوراک کی فراہمی، سیکورٹی اور ایمرجنسی ریسپانس سے تعلق سہولیات کا معائینہ کیا اور متعلقہ محکموں کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوںنے سول اِنتظامیہ، سیکورٹی فورسز، شری امرناتھ جی شرائین بورڈ،محکمہ صحت، محکمہ ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کی ان مخلصانہ کاوشوں کو سراہا جو یاتریوں کی حفاظت، سہولیت اور آرام کو یقینی بنانے کے لئے باہمی تعاون اور قریبی رابطے کے ساتھ انجام دی جا رہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ یاترا کا کامیاب انعقاد تمام متعلقہ اداروں کے اجتماعی عزم اور انتھک محنت کا مظہر ہے۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ جموں و کشمیر اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے کہ ہر یاتری کو یاترا کے دوران محفوظ، مؤثر اور پریشانی کے بغیر خدمات فراہم کی جائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے یاترا کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے ہیں تاکہ عقیدت مندوں کو ایک سہل اور اطمینان بخش سفر میسر آ سکے۔اُنہوںنے تمام محکموں اور فیلڈ عملے پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ ترین سطح کی چوکسی اور تال میل کوبرقرار رکھیں تاکہ یاترا کے دوران پیش آنے والے کسی بھی مسئلے کو بروقت حل کیا جا سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ شری امرناتھ جی یاتر۔2026کے کامیاب، پُرامن اور احسن انعقاد کے لئے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل ہم آہنگی ناگزیر ہے۔وزیر نے سالانہ یاترا کے تئیں حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے کہ عقیدت مند مکمل اعتماد، آرام اور احساسِ تحفظ کے ساتھ اس مقدس یاترا کو انجام دے سکیں۔










