دونوں صوبوں کے صوبائی کمشنروں کے علاوہ صوبائی پولیس سربراہ صرف مجاز افسران
سرینگر// جموں و کشمیر حکومت نے شری امرناتھ جی یاترا 2026 سے متعلق میڈیا بریفنگ اور معلومات کی فراہمی کو محدود کرتے ہوئے صرف چار سینئر افسران کو میڈیا سے بات کرنے اور پریس بریفنگ دینے کا مجاز قرار دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد یاترا سے متعلق مستند، درست اور تصدیق شدہ معلومات عوام تک بروقت پہنچانا بتایا گیا ہے۔یو این ایس کے مطابق محکمہ سیاحت کی جانب سے منگل کو جاری ایک سرکلر کے مطابق ڈویڑنل کمشنر کشمیر اور انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر کو وادی کشمیر سے متعلق یاترا کے معاملات پر سرکاری ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔اسی طرح ڈویژنل کمشنر جموں اورآئی جی پی جموں کو جموں ڈویژن میں امرناتھ یاترا سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دینے کا اختیار دیا گیا ہے۔سرکلر میں کہا گیا ہے کہ نامزد افسران سالانہ امرناتھ یاترا کے تمام پہلوؤں پر میڈیا کو بریف کریں گے اور درست و بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے محکمہ اطلاعات اور شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں گے۔یہ احکامات محکمہ سیاحت نے مالیاتی کمشنر (ایڈیشنل چیف سیکرٹری) ڈاکٹر آشیش چندر ورما کی منظوری کے بعد جاری کیے ہیں۔ اس سلسلے میں سرکلر تمام انتظامی محکموں اور اعلیٰ سرکاری حکام کو عمل درآمد کے لیے ارسال کر دیا گیا ہے۔










