امرناتھ یاترا سے قبل سکیورٹی ایجنسیوں کی فل اسکیل موک ڈرل

امرناتھ یاترا سے قبل سکیورٹی ایجنسیوں کی فل اسکیل موک ڈرل

تیاریاں آخری مرحلے میں، کثیر سطحی حفاظتی نظام نافذ، سی سی ٹی وی اور جدید ٹیکنالوجی سے نگرانی

سرینگر//امرناتھ یاترا کے آغاز سے قبل جموں و کشمیر میں سکیورٹی ایجنسیوں نے منگل کو ایک جامع فل اسکیل موک ڈرل کا انعقاد کیا، جس کا مقصد یاترا کے لیے قائم کیے گئے کثیر سطحی حفاظتی نظام، ہنگامی ردعمل اور مختلف ایجنسیوں کے درمیان رابطہ کاری کا عملی جائزہ لینا تھا۔یو این ایس کے مطابق پولیس کے مطابق 57 روزہ سالانہ امرناتھ یاترا 3 جولائی سے شروع ہوگی۔ یاتری اننت ناگ کے روایتی 48 کلومیٹر ننون-پہلگام راستے اورگاندربل کے 14 کلومیٹر بلتال راستے سے مقدس امرناتھ غار کی جانب روانہ ہوں گے، جبکہ پہلا قافلہ 2 جولائی کو جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے روانہ ہوگا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس (کشمیر زون)وی کے بردی نے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس نے یاترا کے لیے کثیر سطحی حفاظتی انتظامات نافذ کیے ہیں اور تمام سکیورٹی اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر آگاہ کرنے کے لیے فل ڈریس ریہرسل اور موک ڈرلز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام حفاظتی اداروں کو مربوط نظام کے تحت تیار رکھا گیا ہے۔ حساس علاقوں کی نگرانی بلند مقامات سے کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی فوری نشاندہی اور بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔وی کے بردی نے بتایا کہ اس سال بھی یاترا کے تمام راستوں پر جدید سی سی ٹی وی نگرانی کا مربوط نظام نصب کیا گیا ہے، جس میں شناختی ٹیکنالوجی بھی شامل ہے۔ یہ نظام کسی بھی مشتبہ شخص یا سرگرمی کی فوری نشاندہی کرے گا تاکہ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکار بروقت کارروائی کر سکیں۔قدرتی آفات سے متعلق خدشات پر انہوں نے کہا کہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، برفانی تودوں اور دیگر خطرات کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر خطرناک مقامات کی نشاندہی کر رہی ہے۔ اس کے علاوہماؤنٹین ریسکیو ٹیمیںبھی تعینات کی گئی ہیں تاکہ خراب موسم یا کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں فوری امدادی کارروائی کی جا سکے۔یو این ایس کے مطابق آئی جی پی نے یاتریوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ سفری اوقات اور ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ یاترا محفوظ اور منظم انداز میں مکمل ہو سکے۔ادھر سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سری نگر جی وی سندیپ چکرورتی نے بتایا کہ سری نگر پولیس نے سول انتظامیہ، ٹریفک پولیس، نیم فوجی دستوں، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، ایس ڈی آر ایف اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے شہر کے مختلف اہم مقامات پر فرضی مشقیں انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ ان مشقوں کا مقصد ہنگامی حالات میں سکیورٹی فورسز کی تیاری، ردعمل اور باہمی رابطہ کاری کا عملی جائزہ لینا ہے تاکہ امرناتھ یاترا کے دوران کسی بھی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔