جاوید رانا نے مینڈھر میں اے ٹی ایم کی سہولیت اور آئی سی آئی سی آئی بینک کی نئی شاخ کا اِفتتاح کیا

جاوید رانا نے مینڈھر میں اے ٹی ایم کی سہولیت اور آئی سی آئی سی آئی بینک کی نئی شاخ کا اِفتتاح کیا

مینڈھر// وزیر برائے جل شکتی، جنگلات وماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے مینڈھر میں آئی سی آئی سی آئی بینک کی نئی شاخ اور چوبیس گھنٹے دستیاب اے ٹی ایم سہولیت کا اِفتتاح کیا جو پیر پنجال خطے کے دور دراز اور سرحدی علاقوں تک جدید بینکنگ خدمات کی توسیع کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہر شہری کے لئے چاہے وہ کسی بھی جغرافیائی مقام پر رہتا ہو، مالی شمولیت یقینی بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ دُور دراز اور سرحدی علاقوں کے باشندوں کو بھی شہری علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی طرح بینکنگ سہولیات تک رسائی حاصل ہونی چاہیے اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں موجودہ حکومت اس فرق کوکم کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے۔اُنہوں نے کہا،’’حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے کہ کسی بھی شہری کو صرف اس وجہ سے پیچھے نہ چھوڑا جائے کہ وہ کہاں رہتا ہے۔ چاہے وہ دُور دراز گاؤں ہو یا سرحدی علاقہ، بینکنگ خدمات ہر دہلیز تک پہنچنی چاہئیں۔‘‘جاوید رانا نے کہا کہ نئی شاخ سے مینڈھر اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو درپیش دیرینہ مشکلات کا ازالہ ہوگا جو پہلے معمولی بینکنگ ضروریات کے لئے بھی دُور دراز علاقوں کا سفر کرنے پر مجبور تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ مکمل بینکنگ خدمات اور چوبیس گھنٹے اے ٹی ایم سہولیت سے لیس یہ نئی برانچ مقامی تاجروں، کسانوں، پنشنروں، طلبأ اور عام لوگوں کاقیمتی وقت اور وسائل بچائے گی۔ انہوں نے کہاکہ یہ شاخ ایک ون سٹاپ بینکنگ سہولیت کے طور پر کام کرے گی جس سے رہائشیوں کو مقامی طور پر ڈیپازٹ، نکالنے، قرضوں، سرکاری سکیموں کے تحت ادائیگیوں اور دیگر مالی خدمات سے فائدہ اُٹھا سکیں گے ۔ اُنہوں نے رہائشیوں سے اپیل کی کہ وہ اس سہولیت سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں اور بینکنگ سرکاری سکیموں سے اِستفادہ کریں۔جاوید رانا نے کہا،’’یہ شاخ صرف ایک بینکنگ مرکز نہیں بلکہ اس خطے کے لوگوں کے لئے معاشی خود اختیاری کا ایک گیٹ وے ہے۔ میں ہرہائشی، تاجر، کسان اور نوجوان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ یہاں آکر دستیاب خدمات سے فائدہ اٹھائیں۔‘‘اُنہوں نے مینڈھر جیسے دُور دراز اور سرحدی علاقوں میںبینکنگ خدمات کی توسیع کے لئے آئی سی آئی سی آئی بینک کے افسران اور اِنتظامیہ کا شکریہ اَدا کیا۔اِفتتاحی تقریب میں آئی سی آئی سی آئی بینک کے سینئرافسران، مقامی نمائندگان، ممتاز شہری اور مینڈھر و گرد و نواح کے بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔بینک نے کسانوں، سرکاری ملازمین اور پنشنروں کے لئے خصوصی اکاؤنٹ کھولنے کی سکیموں کا بھی اعلان کیا۔