سری نگر// ڈائریکٹوریٹ آف اِکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس جموںوکشمیر نے مرکزی وزارتِ سٹیٹسٹکس اور پروگرام امپلی منٹیشن کے زیر اہتمام ملک گیر پروگرام کے تحت بمنہ کے اَپنے آفس کمپلیکس میں بیسویں نیشنل سٹیٹسٹکس ڈے منایا۔پروگرام کا اِفتتاح کمشنر سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی و نگرانی محکمہ آر ایلس ویز نے کیا۔اُنہوںنے اپنے تعارفی کلمات میں منصوبہ بندی، حکمرانی اور دیرپا ترقی میں سٹیٹسٹکس کے اہم کردار کو اُجاگر کیا۔یہ تقریب پروفیسر پی سی مہلانوبس کی یومِ پیدائش کی یاد میں منعقد کی گئی۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر جنرل اِکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس جموں و کشمیر ریاض احمد رومشو نے اِفتتاحی خطاب کیا اور محکمہ کو مضبوط بنانے میں نوجوان ماہرین سٹیٹسٹکس اور نئے ملازمین کے اہم کردار پر زور دیا۔ لیفٹیننٹ گورنر، وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری کے پیغامات بھی حاضرین کے سامنے پڑھے گئے جن میں شواہد پر مبنی حکمرانی، جامع ترقی میں اعدادوشمار کی اہمیت کو اُجاگرکیاگیا اور اِس تقریب کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ریجنل ڈائریکٹر ایویلیوایشن اینڈ سٹیٹسٹکس جموں آشو گپتا نے اِستقبالیہ خطاب پیش کیا جبکہ ریجنل ڈائریکٹر ایویلیوایشن اینڈ سٹیٹسٹکس کشمیر، شیخ شاویزاحمد نے موضوع پر خصوصی خطاب پیش کیا۔ اِس کے بعد سابق ڈائریکٹر جنرل اِکنامکس ایند سٹیٹسٹکس جموں و کشمیرجی اے قریشی نے کلیدی خطبہ دِیا۔پروگرام کے تکنیکی سیشنوں میں محکمہ کے افسران، سکول آف اپلائیڈ اکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس (ایس اے اِی ایس) کے تربیت یافتہ افراد اور پوسٹ گریجویٹ ریسرچ سکالروں نے معلوماتی پرزنٹیشنز پیش کیں۔ ان سیشنوں میں ’’اِنتظامی ڈیٹا کے پوٹینشل کو بروئے کار لانا‘‘کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا گیا اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی اور حکمرانی کو مضبوط بنانے میں سرکاری اعدادوشمار کے اُبھرتے ہوئے کردار کو اُجاگر کیا۔مقررین نے شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو آگے بڑھانے، خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور ہدفی ترقیاتی اقدامات کو ممکن بنانے میں مضبوط شماریاتی نظام کی اہمیت پر زور دیا۔ مباحثوں میں بالخصوص زیادہ قابلِ اعتماد اور مربوط کے لئے انتظامی ڈیٹا سسٹم کو مضبوط بنانے، باخبر فیصلہ سازی کا کلچر بنانے کے لئے نوجوانوں اور پریکٹیشنروں میں شماریاتی خواندگی کو بڑھانے اور جامع اور دیرپاترقی کی بنیاد کے طور پر سرکاری اعدادوشمار سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر (سینٹرل)، محکمہ اِکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس جموں و کشمیرنوشاد احمد کے اختتامی کلمات کے ساتھ تقریب اِختتام پذیرہوئی جبکہ پرنسپل سکول آف اپلائیڈ اکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس (ایس اے اِی ایس) کشمیر نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔اِس موقعہ پرجموں و کشمیر اکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس سروس کے افسران و اہلکاروں کے علاوہ شماریاتی اور تعلیمی شعبے سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔اِسی طرح کی ایک تقریب محکمہ اِکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس کے کیمپ آفس جانی پور جموں میں بھی منعقد کی گئی جس میںپرنسپل سکول آف اپلائیڈ اکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس (ایس اے اِی ایس) جموں دیپا شرما، جوائنٹ ڈائریکٹر (سرویز) ڈِی اِی ایس جموں و کشمیر شوبھا رانی اور محکمہ ریجنل ڈائریکٹر ایویلیوایشن اینڈ سٹیسٹکس جموں اور سکول آف اپلائیڈ اکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس جموں کے دیگر افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔










