سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے اونتی پورہ میں جموںوکشمیر یوٹی کے پہلے نیشنل سینٹر آف ایکسی لنس ( این سی او اِی) کی منظوری کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر برائے اَمورِ نوجوان و کھیل کود ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ کا شکریہ اَدا کیا ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اوونتی پورہ میں نیشنل سینٹر آف ایکسی لنس (این سی او ای) ایک اعلیٰ درجے کا قومی مرکز کے طور پر کام کرے گا جہاں ہائی الٹی ٹیٹوڈ کھیلوں اور مختلف ایتھلیٹک مقابلے منعقد کئے جائیں گے اور ہزاروں نوجوانوں کو مختلف کھیلوں میں مہارت دی جائے گی۔این سی او اِی کیمپس میں ایتھلیٹکس ٹریکس، اِنڈور کورٹس، فٹ بال ٹرف، ہاکی ٹرف، کبڈی اور کھو کھو کورٹس، شوٹنگ رینج، سوئمنگ پول، تائیکوانڈو ہال، مربوط طاقت اور کنڈیشننگ اور بحالی کمپلیکس، ہوسٹل، سپورٹس سائنس سینٹر، اور سپورٹس میڈیسن سینٹر شامل ہوں گے۔اُنہوں نے کہا،’’یہ جدید ترین مرکز ہمارے یونین ٹیریٹری میں عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ اور اعلیٰ تربیت فراہم کرے گا اور اولمپک و بین الاقوامی چمپئنز کو تیار کرے گا۔‘‘










