بڈگام//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبد الرحیم راتھر نے دارالعلوم پکھر پورہ میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ کی جگہ کا دورہ کیا اور موقعہ پر صورتحال کا جائزہ لیا اور متاثرہ طلبأ ، عملے اور مقامی باشندوں کے ساتھ یکجہتی کااِظہار کیا۔دورے کے دوران سپیکر موصوف نے اس ناخوشگوار واقعے پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا جس سے تعلیمی اِدارے کو کافی نقصان پہنچا۔ اُنہوں نے طلبأ، اِنتظامیہ اور مقامی کمیونٹی کے اَفراد سے بات چیت کی اور ادارے کی بحالی میں ہر ممکن تعاون کا یقین دِلایا۔اُنہوں نے ادارے کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے متاثرہ اَفراد کو یقین دِلایا کہ دارالعلوم کو جلد از جلد دوبارہ قائم کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کو بلاوجہ تاخیر کے بغیر دوبارہ شروع کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔عبدالرحیم راتھر نے ضلعی اِنتظامیہ کو آگ سے ہوئے نقصانات کا جامع تخمینہ لگانے اور تعمیر نو کا عمل ترجیحی بنیادوں پر شروع کرنے کی ہدایت دِی۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ اِدارے کی جلد بحالی کے لئے تمام ضروری کارروائیوں کو تیز کیا جائے۔مقامی باشندوں اور اِدارے کی اِنتظامیہ کے اراکین نے سپیکر کے دورے اور بروقت تعاون و بحالی اقدامات کی یقین دہانی پر اُن کا شکریہ اَدا کیا۔










