آر بی آئی جموں نے کھیر بھوانی میلے میں مالی بیداری سٹال قائم کیا

سری نگر// ریزرو بینک آف اِنڈیا نے گاندربل کے تولہ مولہ میںماتا کھیر بھوانی مندر میں سالانہ کھیر بھوانی میلے کے دوران مالی بیداری سٹال قائم کر کے شرکت کی۔ اِس اَقدام کا مقصد مالی خواندگی کو بڑھانا اور میلے میں آنے والے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد میں محفوظ بینکنگ طریقوں کو فروغ دینا تھا۔اس سٹال پر ریزرو بینک آف اِنڈیا کی مالی شمولیت، صارفین کے تحفظ اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کی حفاظت سے متعلق اہم اقدامات کو بھی اُجاگر کیا گیا۔ عقیدت مندوں کو عام سائبر فراڈز کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور انہیں مشورہ دیا گیا کہ ڈیجیٹل مالی لین دین کرتے وقت’’باخبر رہیں، محفوظ رہیں‘‘ کے طریقہ کار پر عمل کریں۔ایف آئی ڈِی ڈِی کے اَفسران نے مقامی زبان میںلوگوں سے بات چیت کی اور مالی خواندگی کے مختلف پہلوؤں جن میں محفوظ ڈیجیٹل بینکاری، مالی فراڈ سے تحفظ، شکایات کے ازالے کے طریقہ کار، ڈیپازٹ اِنشورنس اور ذِمہ دار مالی رویے کی اہمیت شامل ہیں، کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔میلے کے دوران لوگوںمیں معلوماتی بروشرز اوربیداری مواد تقسیم کیا گیا۔سٹال کو مقامی عقیدت مندوں،یاتریوں اور باشندوں کی طرف سے حوصلہ افزا ردعمل ملا جنہوں نے آر بی آئی کے اہلکاروں کے ساتھ فعال طور پر بات چیت کی۔