ستیش شرما نے بین الاقوامی یومِ یوگا کی تقریبات میں شرکت کی

ستیش شرما نے بین الاقوامی یومِ یوگا کی تقریبات میں شرکت کی

یوگا کو صحت مند، متوازن اور ترقی پسند معاشرے کی راہ قرار دیا

سری نگر//وزیر برائے خوراک، شہری رسد ات و امورِ صارفین، ٹرانسپورٹ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس و ٹیکنالوجی اور اَمورِ نوجوان و کھیل کود محکمہ جات ستیش شرما نے بین الاقوامی یومِ یوگا کی تقریبات میں شرکت کی۔ اِس موقعہ پر اُنہوں نے سینکڑوں یوگا شائقین، طلبأ، اَفسران اور عوام کے ساتھ صحت، تندرستی اور ہم آہنگی کے لئے مخصوص اس عالمی ایونٹ میں حصہ لیا ۔اِس موقعہ پروزیرنے لوگوں کو مُبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوگا ہندوستان کے قدیم ورثے کا ایک اَنمول تحفہ ہے جو جسمانی تندرستی ، ذہنی سکون اور روحانی ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔اُنہوں نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوگا صحت مند زِندگی، عمر، ثقافت اور قومیت کی حدوں کو عبور کرتے ہوئے ایک عالمی تحریک کے طور پر اُبھرا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یوگا کی باقاعدہ مشق تناؤ کو کم کرنے، جسمانی تندرستی کو بڑھانے، اِرتکاز کو بہتر بنانے اور نظم و ضبط کو فروغ دینے میں مدد کرتی ہے جس سے یہ متوازن اور نتیجہ خیز زِندگی گزارنے کا ایک مؤثر ذریعہ بن جاتی ہے۔وزیرموصوف نے اِس بات پر زور دیا کہ حکومت کی قیادت میں نوجوانوں میں کھیلوں، فِٹنس اور صحت مند سرگرمیوں کے ذریعے بہتر طرزِ زِندگی کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یوگا کھیلوں کا بہترین تکمیل ہے کیوں کہ یہ جسم کی لچک، اِستقامت ،یکسوئی اور مجموعی جسمانی صلاحیتوں کو بہتر بناتا ہے جس کے باعث یہ ہمہ جہت ترقی کا ایک لازمی جزو بن گیا ہے۔اُنہوں نے نوجوان نسل سے یوگا کو رُوزمرہ کی عادت بنانے کی اپیل کرتے ہوئے س کہا کہ روزانہ چند منٹ یوگا کے لئے مختص کرنے سے جسمانی اور ذہنی صحت میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے جبکہ دورِ حاضر کی زِندگی کے چیلنجوں سے نمٹنے میں اَفراد کی مدد کی جاسکتی ہے۔ اُنہوں نے زور کر کہاکہ ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ جموں و کشمیر کی تعمیر کے لئے نوجوانوں کی صحت مند آبادی ضروری ہے۔وزیراَمورِ نوجوان و کھیل کود نے تقریبات میں طلبأ، کھلاڑیوں اور عام شہریوں کی پُرجوش شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام احتیاطی صحت نگہداشت اور جسمانی فٹنس کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اُنہوں نے تعلیمی اِداروں، کھیلوں کی تنظیموں اور سماجی کمیونٹیوںپر زور دیا کہ وہ سال بھر یوگا سیشنوں کا انعقاد جاری رکھیں تاکہ اس کے فوائد معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچ سکیں۔اُنہوں نے صحت، کھیلوں اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر بھر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، فٹنس سرگرمیوں کی حوصلہ اَفزائی کرنے اور نوجوانوں کی ہمہ جہت ترقی کے لئے مزید مواقع پیدا کرنے کے لئے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔پروگرام میں محکمہ امورِ نوجوانان و کھیل کے سینئر افسران، کوچز، کھلاڑی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔