وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کا کھیربھوانی مندر کا دورہ، میلے کی تیاریوں کا جائزہ

وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کا کھیربھوانی مندر کا دورہ، میلے کی تیاریوں کا جائزہ

امرناتھ اور کھیر بھوانی یاتریوں کو ہر ممکن سہولت اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا// عمر عبداللہ

سرینگر// جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ نے ضلع گاندربل کے تولہ مولہ میں واقع مشہور کھیربھوانی مندر کا دورہ کیا اور آئندہ منعقد ہونے والے سالانہ میلے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔یو این ایس کے مطابق وزیراعلیٰ نے مندر میں جاری مختلف سہولیات کا معائنہ کیا اور حکام کو ہدایت دی کہ یاتریوں کے لیے تمام بنیادی انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ میلے کے دوران کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔انہوں نے مندر میں حاضری دیتے ہوئے عقیدت کا اظہار بھی کیا اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مقدس موقع ہے جس پر ملک اور بیرونِ ملک سے لوگ ماتا کے درشن کے لیے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف بطور وزیر اعلیٰ بلکہ گاندربل کے ایم ایل اے کی حیثیت سے بھی انتظامات کا جائزہ لینے آئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے مندر کے پجاریوں اور دیگر متعلقہ افراد سے ملاقات کی جنہوں نے بعض انتظامی مسائل کی نشاندہی کی ہے، جنہیں 22 جون کو ہونے والے میلے سے قبل حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کھیربھوانی میلہ ہو یا امرناتھ یاترا، حکومت کی کوشش ہے کہ تمام یاتریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور مذہبی تقریبات پرامن ماحول میں منعقد ہوں۔ انہوں نے عوام سے امن اور بھائی چارے کی دعا کرنے کی بھی اپیل کی۔اسی دوران انہوں نے گاندربل میں آبپاشی کے مسائل سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت صورتحال بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور جہاں بھی ضرورت ہوگی وہاں متعلقہ وزراء؎ اور افسران کو موقع پر بھیجا جائے گا تاکہ مسائل فوری حل کیے جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث کچھ حد تک پانی کی قلت میں کمی آئی ہے، تاہم حکومت متاثرہ علاقوں میں مسلسل کام کر رہی ہے۔کشمیر میں کشمیری پنڈت کالونیوں کی تعمیر سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ بنیادی طور پر ٹرانزٹ رہائش گاہیں ہیں جو مرکزی حکومت کے پی پیکیج ملازمین کے لیے تعمیر کی جا رہی ہیں تاکہ وہ بہتر ماحول میں اپنی خدمات انجام دے سکیں۔