ڈل جھیل میں شِکاروں سے فلموں کی اوپن ایئر نمائش سیاحت کیلئے نئی کشش بنے گی
سرینگر//جموں و کشمیر میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے بین الاقوامی فلم فیسٹیول کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، جس میں مرکزی وزراء پڑوسی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، وزراء اور ملک و بیرون ملک کی نامور فلمی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ پانچ روزہ یہ عظیم الشان تقریب 7 سے 11 ستمبر تک سرینگر میں منعقد ہوگی اور اسے جموں و کشمیر میں امن، سیاحت اور فلمی صنعت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔یو این ایس کے مطابق سرکاری ذرائع کے مطابق جموں و کشمیر حکومت نے نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے اشتراک سے اس تاریخی فلم فیسٹیول کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ تقریب میں بالی ووڈ، ہالی ووڈ، ٹالی ووڈ، پنجابی فلم انڈسٹری اور دیگر معروف فلمی مراکز سے تعلق رکھنے والے اداکار، ہدایت کار، پروڈیوسرز اور دیگر ممتاز شخصیات شرکت کریں گی۔فیسٹیول کی سب سے منفرد اور دلکش خصوصیت ڈل جھیل میں اوپن ایئر فلم اسکریننگ ہوگی۔ ذرائع کے مطابق جھیل کے اندر بڑی اسکرینیں نصب کی جائیں گی جبکہ ناظرین شِکاروں میں بیٹھ کر فلموں سے لطف اندوز ہوں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ نہ صرف فلمی دنیا سے وابستہ شخصیات بلکہ عام سیاحوں اور مقامی لوگوں کیلئے بھی یادگار ثابت ہوگا۔ذرائع کے مطابق حکومت اس فیسٹیول کو عالمی سطح پر جموں و کشمیر کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور سیاحتی امکانات کو فروغ دینے کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہے۔ اسی مقصد کے تحت مختلف مرکزی وزراء کو بھی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جائے گی جبکہ پنجاب، ہماچل پردیش، ہریانہ، دہلی اور دیگر ہمسایہ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور وزراء کو بھی مختلف سیشنز میں مدعو کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ پانچوں دن کسی نہ کسی معروف فلمی شخصیت یا معزز مہمان کی موجودگی یقینی بنانے کیلئے خصوصی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ فیسٹیول کی رونق برقرار رہے۔ فلمی شخصیات کو مختلف دنوں میں مدعو کیا جائے گا تاکہ تقریب مسلسل قومی اور بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنی رہے۔یو این ایس کے مطابق فیسٹیول کی افتتاحی اور اختتامی تقریبات کا انعقاد سرینگر کے مشہور شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں کیا جائے گا، جبکہ شہر کے آئی نوکس سینما کو بھی فلموں کی نمائش کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پہلگام، گلمرگ، بھدرواہ اور پٹنی ٹاپ سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر بھی فلموں کی نمائش کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق 57 روزہ شری امرناتھ یاترا 28 اگست کو اختتام پذیر ہوگی اور اس کے محض دس دن بعد بین الاقوامی فلم فیسٹیول کا آغاز ہوگا، جسے انتظامیہ جموں و کشمیر میں معمول کی زندگی، امن و استحکام اور بہتر حالات کا مضبوط پیغام قرار دے رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں کشمیر بالی ووڈ فلم سازوں کی پسندیدہ شوٹنگ لوکیشن رہا ہے، تاہم نوّے کی دہائی میں شورش کے باعث فلمی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ اب حکومت اس فیسٹیول کے ذریعے کشمیر کو دوبارہ فلم سازی کا مرکز بنانے اور ملکی و غیر ملکی پروڈیوسرز کو یہاں سرمایہ کاری اور شوٹنگ کیلئے راغب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔حکام کے مطابق حالیہ برسوں میں سیاحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے اور وندے بھارت ایکسپریس ٹرین سروس کے آغاز سے وادی میں سیاحوں کی آمد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ ایسے میں بین الاقوامی فلم فیسٹیول نہ صرف سیاحت بلکہ مقامی معیشت، ہوٹل انڈسٹری، دستکاری اور دیگر شعبوں کیلئے بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔یو این ایس کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ فلموں کے انتخاب، نمائش کے مقامات، مہمانوں کی فہرست اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ایک خصوصی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو این ایف ڈی سی کے ساتھ مل کر مکمل شیڈول تیار کرے گی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ آنے والے ہفتوں میں فیسٹیول کے تفصیلی پروگرام کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔










