ملک میں ایس آئی آر کا عمل ، 16 ریاستوں اور 3 مرکزی علاقوں میں گھر گھر سروے ہوگا

نئی دہلی/ایجنسیز//ملک میں آئندہ انتخابات سے قبل ووٹر فہرستوں کو زیادہ درست اور شفاف بنانے الیکشن کمیشن نے ایک وسیع جانچ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس مہم کے تحت 16 ریاستوں اور 3 مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں انتخابی فہرستوں کی ازسرنو جانچ کی جائے گی تاکہ اہل شہریوں کے نام شامل کیے جا سکیں اور غیر ضروری اندراجات ختم ہوں۔کمیشن کے مطابق اس پورے عمل میں بلاک سطحی افسران اہم کردار ادا کریں گے جو مختلف علاقوں میں گھر گھر جا کر ووٹروں کی معلومات کی تصدیق کریں گے۔ اس دوران نئے ووٹروں کے اندراج، پتے میں تبدیلی، انتقال کر جانے والے افراد کے نام حذف کرنے اور فرضی اندراجات کی نشاندہی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ناگالینڈ میں مہم کا آغاز اگست 2026 سے ہوگا جہاں ابتدائی مرحلے میں تربیت، تیاری اور ضروری دستاویزات کی طباعت مکمل کی جائے گی۔ اس کے بعد گھر گھر سروے کا مرحلہ شروع ہوگا جبکہ ابتدائی ووٹر فہرست ستمبر میں جاری کی جائے گی۔ عوام کو دعوے اور اعتراضات درج کرانے ایک ماہ سے زائد کا وقت دیا جائے گا، جس کے بعد نومبر میں حتمی ووٹر فہرست جاری ہوگی۔تریپورہ میں یہ مہم ستمبر 2026 سے شروع کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں تربیتی و انتظامی سرگرمیاں مکمل کی جائیں گی، پھر ووٹروں کی تفصیلات اکٹھی کرنے گھر گھر مہم چلائی جائے گی۔ ابتدائی فہرست اکتوبر میں جاری ہوگی جبکہ حتمی فہرست دسمبر میں شائع کی جائے گی۔ کمیشن نے واضح کیا کہ مختلف ریاستوں میں مقامی حالات اور ضروریات کے مطابق الگ الگ شیڈول تیار کیے گئے ہیں۔ اڈیشہ، میزورم، سکم، منی پور، آندھرا پردیش، ہریانہ، اتراکھنڈ اور چندی گڑھ سمیت کئی علاقوں میں یہ عمل جولائی 2026 سے شروع ہوگا۔دوسری جانب تلنگانہ، پنجاب، کرناٹک، مہاراشٹر، جھارکھنڈ، میگھالیہ اور دہلی میں یہ مہم بعد کے مرحلے میں چلائی جائے گی۔