سی پی آئی (ایم) کی ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کی شدید مذمت، ملک گیر احتجاج کی اپیل

نئی دہلی/یو این آئی// کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) نے ہفتہ کو کمرشل ایل پی جی سلنڈر اور 5 کلو گرام کے غیر سبسڈی والے سلنڈروں کی قیمتوں میں زبردست اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس کے نتیجے میں مہنگائی، روزگار اور کمزور طبقات کے معاش پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے ۔ایک پریس بیان میں سی پی آئی (ایم) پولٹ بیورو نے کمرشل سلنڈر کی قیمتوں میں تقریباً 1,000 روپے کے اضافے کو ’’غیرمعمولی‘‘ قرار دیا اور متنبہ کیا کہ کاروباری ادارے لامحالہ اس اضافی بوجھ کو صارفین پر منتقل کریں گے ۔ بیان میں کہا گیا کہ “تجارتی ادارے اس ذمہ داری کو صارفین پر منتقل کرنے کے لیے مجبور ہیں، جس سے ان کے بوجھ اور مہنگائی میں اضافہ ہوگا،” مزید یہ کہ بہت سے چھوٹے کاروبار بند ہونے پر مجبور ہو سکتے ہیں، جس سے بڑے پیمانے پر چھنٹنی اور بے روزگاری بڑھے گی۔