جامعہ ملیہ اسلامیہ میں آر ایس ایس کے پروگرام کی مخالفت

نئی دہلی/ایجنسیز//آر ایس ایس نے کل جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی میں ‘یووا کمبھ’ (یوتھ کنکلیو) کا انعقاد کیا ہے۔ اس پروگرام کے خلاف کئی طلبہ تنظیمیں احتجاج کررہی ہیں۔این ایس یو آئی کے طلبہ نے اس کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا جو پر تشدد ہوگیا جس میں کئی طلباء زخمی ہوگئے۔ اے آئی ایس اے نے جامعہ میں دیگر ترقی پسند گروپوں کے ساتھ مل کر آر ایس ایس کے ‘یووا کمبھ’ پروگرام کے خلاف احتجاج کیا۔ اے آئی ایس اے نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس اس بینر تلے مختلف یونیورسٹیوں میں اس طرح کی تقریبات کا انعقاد کرتی ہے جو قوم کی تعمیر اور ترقی کے سو سال کی میراث کا دعویٰ کرتی ہے۔ اے آئی ایس اے نے دلیل دی کہ آر ایس ایس جس نے آزادی کی جدوجہد میں کوئی کردار ادا نہیں کیا اور یہاں تک کہ انگریزوں کے ساتھ کھل کر تعاون کیا آج صرف اپنی طاقت کو مستحکم کرنے کیلئے قوم پرستی کا کارڈ کھیل رہی ہے۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ہمارے شہیدوں اور آزادی کے جنگجوؤں کی وراثت جنہوں نے ایک جمہوری، سیکولر ہندوستان کے لیے جدوجہد کی آج آر ایس ایس کے خلاف متحد ہے۔ تنظیم نے زور دے کر کہا کہ ملک کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے آر ایس ایس اور اس کے فرقہ وارانہ ایجنڈے کیلئے جامعہ ملیہ اسلامیہ یا ہندوستان کی کسی دوسری یونیورسٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے جبکہ جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کے اندر اے آئی ایس اے اور این ایس یو آئی کا مسلسل احتجاج جاری ہے ۔