نئی دہلی/آئی اے این ایس// حکومت نے کہا ہے کہ موجودہ جنگی اور سیاسی صورتحال کے باعث ایل پی جی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے، تاہم گھریلو صارفین کو ترجیح دی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں آن لائن ایل پی جی سلنڈر بکنگ صنعت کی سطح پر 99فیصد تک پہنچ گئی ہے۔پیٹرولیم وزارت کے مطابق، ڈیلیوری آتھنٹیکیشن کوڈ (ڈی اے سی) کے ذریعہ ہونے والی ترسیل تقریباً 92فیصد تک بڑھ گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا غلط استعمال کو روکا جا سکے۔ یہ کوڈ صارف کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر موصول ہوتا ہے۔ وزارت نے بتایا کہ اتوارکے دن بھی متعدد ایل پی جی ڈسٹری بیوشن مراکز کھلے رہے تاکہ گھریلو صارفین کو بروقت سلنڈر فراہم کیے جا سکیں۔حکومت نے کمرشل ایل پی جی کی فراہمی بھی بڑھا کر بحران سے پہلے کی سطح کے تقریباً 70فیصد تک پہنچا دی ہے، جس میں 10 فیصد اصلاحات سے منسلک الاٹمنٹ شامل ہے۔
23 مارچ 2026 سے اب تک 18.45 لاکھ سے زائد 5 کلوگرام کے فری ٹریڈ ایل پی جی سلنڈر فروخت کیے جا چکے ہیں۔وزارت کے مطابق، آئی او سی ایل، ایچ پی سی ایل اور بی پی سی ایل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز پر مشتمل تین رکنی کمیٹی ریاستی حکام اور صنعتی اداروں کے ساتھ مل کر مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کمرشل ایل پی جی کی تقسیم کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ گزشتہ پانچ دنوں کے دوران اوسطاً 7000 میٹرک ٹن یومیہ کمرشل ایل پی جی فروخت کی گئی۔ آٹو ایل پی جی کی فروخت میں بھی تبدیلی دیکھی گئی ہے جہاں خانگی کمپنیوں سے صارفین کا رجحان سرکاری کمپنیوں کی جانب منتقل ہوگا ہے۔ بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کیلئے سرکاری آئیل مارکٹنگ کمپنیوں کی فروخت میں اضافہ ہوا۔ E/F










