وزیر اعظم کی سربراہی والی حکومت اس سازش کو کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دے گی /امیت شاہ
سرینگر /اے پی آئی// کانگریس سمیت دوسری سیاسی پارٹیوں کی جانب سے خواتین ریزرویشن بل کے خلاف ووٹ دینے کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم کی سربراہی والی حکومت اس سازش کو کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دی گی اور ناری شکتی کو خود انحصاری کی راہ پر گامزن کرنے اور انہیں ملک میں قیادت کرنے کا موقعہ ضرور فراہم کرے گی ۔ اے پی آئی نیوز کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کانگریس ، ڈی ایم کے ، سماج وادی پارٹی کو لوک سبھا میں خواتین ریزرویشن ترمیمی بل کے خلاف ووٹ دینے پر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان جماعتوں نے خواتین کو پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں ریزرویشن سے محروم کر کے ملک کی خواتین کو دھوکہ دیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی اور ملک کی خواتین کو انصاف فراہم کرے گی ۔ میت شاہ تمل ناڈو اسمبلی انتخابات کے لیے موڈاکورچی حلقے میں بی جے پی امیدوار کرتھیکا شیوکمار کی حمایت میں روڈ شو سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ انتخابات کے بعد این ڈی اے، ایڈاپڈی کے پلانی سوامی کی قیادت میں ریاست میں حکومت تشکیل دے گی۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اور ڈی ایم کے نے ملک بھر کی ماؤں اور بہنوں کو ریزرویشن سے محروم رکھا، جبکہ تمل ناڈو کے لیے لوک سبھا نشستوں میں اضافے کا موقع بھی ضائع کیا۔امیت شاہ نے ڈی ایم کے قیادت پر خاندانی سیاست کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن اپنے بیٹے ادھیان بھی اسٹالن کو وزیر اعلیٰ بنانے پر مرکوز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی خاندانی جماعتیں جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہیں۔انہوں نے ڈی ایم کے پر بدعنوانی اور امن و امان کی خراب صورتحال کے الزامات بھی عائد کیے اور کہا کہ اے آئی اے ڈی ایم کے-بی جے پی حکومت بننے پر بدعنوانی کا خاتمہ کیا جائے گا اور ریاست میں قانون و انتظام کو بہتر بنایا جائے گا۔امیت شاہ نے بی جے پی کے لیے عوامی حمایت کو سراہتے ہوئے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ کرتھیکا شیوکمار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔










