ناری شکتی وندن ادھینیم :خواتین کیلئے 33فیصد ریزرویشن

نئی دہلی/یو این آئی// مرکزی وزیر مملکت برائے کھیل اور نوجوانوں کی بہبود رکشا کھڈسے نے منگل کو کہا کہ ‘ناری شکتی وندن ادھینیم’ سے خواتین کو لوک سبھا اور اسمبلی میں 33 فیصد ریزرویشن ملے گا۔مرکزی وزیر مملکت رکشا کھڈسے نے آج یہاں بی جے پی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں خواتین کی بااختیاربنانے اور نوجوانوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ‘ناری شکتی وندن ادھینیم’ کے تحت لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کیلئے 33 فیصد ریزرویشن کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر بی جے پی ترجمان شازیہ علمی بھی موجود تھیں۔کھڈسے نے کہا کہ ‘وکست بھارت ‘ کی تعمیر میں خواتین کا کردار انتہائی اہم ہوگا اور پالیسی سازی میں ان کی شرکت مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تقریباً 50 فیصد ووٹرز خواتین ہیں، ایسی صورت میں انہیں مناسب نمائندگی ملنا وقت کی مانگ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایم آواس یوجنا، مدرا یوجنا، لکھپتی دیدی یوجنا اور سیلف ہیلپ گروپس جیسے پروگراموں کے ذریعے خواتین کو خود کفیل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ‘مائی بھارت بجٹ کویسٹ’ اقدام کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں ملک بھر کے 12 لاکھ سے زائد نوجوانوں نے حصہ لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کو قوم کی تعمیر میں فعال شرکت کیلئے ترغیب دیتا ہے ۔ کھڈسے نے اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود دیہی پس منظر سے آتی ہیں اور بی جے پی کے تعاون سے تیسری بار لوک سبھا پہنچی ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آنے والے وقت میں مزید خواتین پارلیمنٹ تک پہنچیں گی اور ملک کی قیادت میں مساوی حصہ لیں گی۔