ہند ۔ بنگلہ تعلقات میں بہتری کی کوششیں، طارق رحمان سے بھارتی ہائی کمشنر کی ملاقات

ہند ۔ بنگلہ تعلقات میں بہتری کی کوششیں، طارق رحمان سے بھارتی ہائی کمشنر کی ملاقات

ڈھاکہ/ایجنسیز//بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باوجود سفارتی سطح پر برف پگھلنے کے آثار نظر آنے لگے ہیں۔ آج بنگلہ دیش کے وزیر اعظم طارق رحمان نے ڈھاکہ میں بھارت کے ہائی کمشنر پرنئے ورما سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں بھارتی ہائی کمشنر نے بنگلہ دیش کے ساتھ مثبت، تعمیری اور عوام پر مبنی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان باہمی مفادات کی بنیاد پر بنگلہ دیش کے ساتھ مل کر کام کرنے تیار ہے اور مستقبل کے حوالے سے ایک مضبوط شراکت داری چاہتا ہے۔یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے ۔
جب فروری میں پارلیمانی انتخابات کے بعد بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی حکومت قائم ہوئی اور طارق رحمان نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا۔ نئی حکومت نے بھارت کے ساتھ تعلقات کو دوبارہ مستحکم کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں، جو سابقہ عبوری دور حکومت میں کشیدہ ہو گئے تھے۔بھارتی ہائی کمیشن سے جاری بیان کے مطابق، ملاقات میں فریقین نے قومی ترقی کی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف شعبوں میں عوامی فلاح و بہبود پر مبنی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔ ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ خلیل الرحمن جلد بھارت کا دورہ کر سکتے ہیں۔ بتایا گیا کہ وہ اس ماہ نئی دہلی کا مختصر دورہ کریں گے، جو موجودہ حکومت کے قیام کے بعد ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خلیل الرحمن 8 اپریل کو ماریشس میں ہونے والی بحر ہند کانفرنس میں شرکت کیلئے روانہ ہوتے ہوئے بھارت میں توقف کر سکتے ہیں۔