جموںوکشمیر نے اِنڈیا سکلز کمپٹیشن 2025-26 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا

جموںوکشمیر نے اِنڈیا سکلز کمپٹیشن 2025-26 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا

سری نگر/جموں//جموں و کشمیر نے قومی سطح کے اِنڈیا سکلز کمپٹیشن 2025-26 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اور ایک میڈلین آف ایکسیلنس حاصل کیاجس سے یونین ٹیریٹری کو فخر حاصل ہوا ہے۔ایک شاندار کارنامے میں نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی سری نگر کی طالبہ دکشا نے فیشن ٹیکنالوجی میں گولڈ میڈل جیتا جس نے شنگھائی چین میں منعقد ہونے والے آئندہ ورلڈ سکلز کمپٹیشن میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے کا باوقار موقعہ حاصل کیا۔ میڈلین آف ایکسیلنس نے خطے کے شرکأ کی مسابقتی صلاحیت، نظم و ضبط اور لگن کو مزید اُجاگر کیا۔مشن ڈائریکٹر جموں و کشمیر سکل ڈیولپمنٹ مشن لینا پاڈا نے اس کامیابی کی ستائش کی اور اس کامیابی کو ان عہدیداروں کے نام وقف کیا جنہوں نے پروگرام کے موثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے انتھک محنت کی۔ اُنہوں نے اسے یونین ٹیریٹری کے ترقی پذیر سکل ڈیولپمنٹ ماحولیاتی نظام کے لئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ راجیو رنجن کمار نے بھی اس کامیابی کو سراہا اور طلبأکو ان کی محنت اور لگن پر مبارک باد دِی۔نائب وزیر اعلیٰ کی رہنمائی میں جموں و کشمیر نے سکلنگ کے اقدامات کو مسلسل مضبوط کیا ہے جس کے نتیجے میں قومی سطح کے مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ اس سے قبل بھی جموں و کشمیر کے ہنر مند اَفراد نے اِنڈیا سکلز نارتھ ریجنل کمپٹیشن 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔مجموعی طور پر 57 اُمیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 27 نے تمغے حاصل کئے جن میں فیشن ٹیکنالوجی اور برکلینگ سکل میں 2 سونے کے تمغے، الیکٹریکل انسٹالیشنز، فیشن ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر ٹیسٹنگ سکل میں 3 چاندی کے تمغے ، 9 کانسے کے تمغے اور 13 میڈلین آف ایکسیلنس شامل ہیں۔کُل 63 سکلز میں سے یونین ٹیریٹری نے 28 سکلز میں حصہ لیا جو مضبوط نمائندگی اور بہترین کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے۔ اس مسلسل کامیابی سے اُمید کی جاتی ہے کہ بہت سے نوجوان اُمیدواروں کو پیشہ ورانہ ہنروں میں مہارت حاصل کرنے اور قومی اور بین الاقوامی پلیٹ فارموں پر جموں و کشمیر کی نمائندگی کرنے کی ترغیب ملے گی۔