modi

مغربی ایشیا پر کانگریس کے بیانات اشتعال انگیز، بھارتیوں کی جانوں کو خطرہ// وزیر اعظم

سرینگر// یو این ایس//وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس پر مغربی ایشیا کے حوالے سے ‘‘اشتعال انگیز’’ بیانات دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بیانات بھارت کے خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور وہاں مقیم بھارتیوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔ایک این ڈی اے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بریندر منودی نے کہا کہ کانگریس اور اس کے اتحادی صرف انتخابات جیتنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، جبکہ حکومت کے لیے بھارتی شہریوں کی سلامتی سب سے اہم ہے۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے کہا، ‘‘انتخابات آتے جاتے رہیں گے، لیکن بھارتیوں کی حفاظت، خاص طور پر کیرالہ سے تعلق رکھنے والے افراد جو مشرق وسطیٰ میں مقیم ہیں، میری اولین ترجیح ہے اور میں اس کو یقینی بناؤں گا۔وزیر اعظم نے بتایا کہ کیرالہ کے لاکھوں افراد خلیجی ممالک میں کام کر رہے ہیں، جبکہ گوا، تمل ناڈو اور دیگر ریاستوں کے ماہی گیر بھی ایران اور مغربی ایشیا کے دیگر حصوں میں جاری تنازع کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انہیں بحفاظت واپس لانے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس اس صورتحال کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی اور ایسے بیانات دے رہی ہے جو بھارت کے مغربی ایشیائی ممالک کے ساتھ تعلقات میں تناؤ پیدا کر سکتے ہیں اور غیر ضروری خوف و ہراس کو جنم دے سکتے ہیں۔یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب وائناد سے رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے حال ہی میں وزیر اعظم کو ‘‘بزدل’’ قرار دیتے ہوئے ان پر امریکہ اور اسرائیل کے سامنے جھکنے کا الزام عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی پالیسیوں سے خلیجی خطے میں پھنسے بھارتیوں کو مناسب تحفظ فراہم نہیں کیا گیا۔اپنی تقریر میں وزیر اعظم نے دعویٰ کیا کہ مغربی ایشیا میں جاری تنازع نے کانگریس اور اس کے اتحادیوں کی ذہنیت کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کئی بار کانگریس رہنماؤں کو متنبہ کر چکے ہیں کہ یہ غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے کا وقت نہیں ہے کیونکہ خلیجی خطے میں مقیم لاکھوں بھارتیوں کی حفاظت بھارت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کانگریس رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ ایسے بیانات دینے سے گریز کریں جو مشرق وسطیٰ میں رہنے والے بھارتیوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، اور کہا کہ خلیجی ممالک کے ساتھ بھارت کے مضبوط تعلقات ہی مشکل وقت میں اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد دے رہے ہیں۔اس دورانوزیر اعظم نریندر مودی نے ایسٹرکے موقع پر ملک بھر کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس دن امید اور تجدید کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسٹر سب کی زندگیوں میں امن، خوشی اور روشنی لے کر آئے۔انہوں نے کہا کہ عیسا مسیح کی تعلیمات ہمیں رحم دلی، محبت اور باہمی یگانگت کو فروغ دینے کی ترغیب دیتی ہیں، جو ایک مضبوط اور ہم آہنگ معاشرے کی بنیاد ہیں۔ وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں بھی اسی جذبے کا اعادہ کیا۔دریں اثنا، وزیر اعظم نریندر مودی نے سابق نائب وزیر اعظم جگ جیون رام کی یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ جگ جیون رام نے اپنی پوری زندگی مساوات اور سماجی انصاف کے اصولوں کے لیے وقف کر دی تھی اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم ان کے انمول تعاون کی ہمیشہ قدر کرے گی۔یو این ایس کے مطابق اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے قوم یوم بحریہ کے موقع پر بھارت کے شاندار سمندری ورثے کو یاد کرتے ہوئے اس شعبے سے وابستہ افراد کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ بحری شعبے میں کام کرنے والے افراد کی محنت اور لگن ملک کی معیشت، تجارت اور رابطہ کاری کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حکومت بحری شعبے کی بے پناہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہے تاکہ ملک کے لیے ایک خوشحال مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا’’قومی یومِ بحریات کے موقع پر ہم بھارت کے سمندری ورثے اور اس شعبے سے وابستہ افراد کی گراں قدر خدمات کو یاد کرتے ہیں۔ ان کی لگن ہماری معیشت، تجارت اور رابطہ کاری کو مضبوط بناتی ہے۔ ہم ایک خوشحال مستقبل کیلئے اس شعبے کی مکمل صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے۔‘‘