کانگریس اور راہل گاندھی تجارتی معاہدوں کے حوالے سے جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کررہے ہیں /امیت شاہ
سرینگر/ /اے پی آئی// بھارت امریکہ ،یورپی یونین تجارتی معاہدوں سے ملک کے کسانوں اور عام لوگوں کو مستفید ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کو ہدف تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو گمراہ کیا جارہا ہے اور وزیر اعظم کی سربراہی میں ملک ترقی کی منزلوں پر گامزن ہے ۔ اے پی آئی نیوز کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ نے کانگریس کے سینئر لیڈر اور قائد حزب اختلاف راہل گاندھی پر الزام عائد کیا کہ وہ بھارت ، امریکہ ، برطانیہ اور یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدوں کے حوالے سے جھوٹ پھیلا کر کسانوں کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوںنے زور دیکر کہا کہ حکومت نے ملک کی زرعی اور ڈیری شعبوں کا مکمل تحفظ یقینی بنایا ہے ۔ وزیر داخلہ نے حزب اختلاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تجارتی معاہدوں سے بھارتیہ کسانوں کو نقصان نہیں پہنچے گا ۔انہوںنے کہا کہ جب کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکر کسانوں کے تحفظ کی بات کرتے ہیں تو مجھے میں ہنسی آتی ہے ۔ کانگریس کی ملک کو گمراہ کرنے کی ایک اور طویل تاریخ رہی ہے اور اب وہ تجارتی معاہدے کے بارے میں بھی جھوٹ پھیلارہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کے پہلے سینٹرل بینک ڈیجیٹل کرنسی پر مبنی ڈسٹربیوشن سسٹم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ گاندھی نگر گجرات میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت نے ہر تجارتی معاہدے میں کسانوں کے مفادات کا مکمل خیال رکھا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ میں اس ملک کے کسانوں ، مویشی پالنے والوں اور ماہی گیروں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ یورپی یونین ، انگلینڈ اور امریکہ کے ساتھ طے پانے والے تجارتی معاہدے میں نریندر مودی نے آپ کے مفادات کا مکمل تحفظ کیا ہے ، فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔










