9 ہزار سے زائد یاتریوں کا نیا قافلہ امرناتھ روانہ

2.30 لاکھ سے زائد یاتریوں کا اب تک گھپا کا درشن

سرینگر//امرناتھ یاترا کے سلسلے میں اتوار کی صبح 9,153 یاتریوں پر مشتمل ایک نیا قافلہ سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس بیس کیمپ سے کشمیر کے لیے روانہ ہوا۔ حکام کے مطابق 11ویں قافلے میں 2,345 خواتین اور 18 بچے بھی شامل ہیں۔یو این ایس کے مطابق سرکاری حکام نے بتایا کہ یاتری 359 گاڑیوں کے ذریعے جنوبی کشمیر میں واقع ننون (پہلگام) اور وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع بالتل بیس کیمپوں کے لیے روانہ ہوئے۔ پورے راستے پر کثیر سطحی سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ یاتریوں کا سفر محفوظ اور بلا رکاوٹ یقینی بنایا جا سکے۔حکام کے مطابق قافلے کو دو حصوں میں روانہ کیا گیا۔ پہلا قافلہ صبح 2 بج کر 44 منٹ پر روانہ ہوا، جس میں 3,429 یاتری شامل تھے اور یہ بالتل بیس کیمپ کی جانب روانہ ہوا۔ دوسرا قافلہ صبح 3 بج کر 35 منٹ پر روانہ کیا گیا، جس میں 5,724 یاتری سوار تھے اور انہیں ننون (پہلگام) بیس کیمپ بھیجا گیا۔ادھر حکام نے بتایا کہ 3 جولائی سے شروع ہونے والی 57 روزہ سالانہ امرناتھ یاترا کے آغاز سے اب تک 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد یاتری امرناتھ گھپا میں قدرتی طور پر تشکیل پانے والے برفانی شیو لنگ کے درشن کر چکے ہیں۔حکام کے مطابق یاترا 28 اگست کو ہندو تہواررکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔ یاترا کے دوران تمام بیس کیمپوں اور یاترا کے دونوں راستوں پر سیکورٹی فورسز، سول انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ ادارے مسلسل خدمات انجام دے رہے ہیں تاکہ یاتریوں کو محفوظ اور سہل سفر کی سہولت فراہم کی جا سکے۔